نئی دہلی، 26 مارچ (یو این آئی) دہلی اسمبلی میں بدھ کو اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے تقریباً آدھے گھنٹے کے لیے وقفہ سوال روک دیا گیا، جس کے بعد اسپیکر وجیندر گپتا نے سابق وزیر اعلیٰ آتشی سے معافی مانگنے کو کہا اور اپوزیشن اراکین کو وارننگ دی کہ اگر وہ لوگ شور وغل کریں گے تو ان کے لئے طے وقت میں تخفیف کی جائے گی۔
جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اور مسٹر گپتا نے ارکان کو اپنے سوالات کرنے کی اجازت دی، اپوزیشن ارکان نے وقفہ سوالات کے دوران وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی غیر حاضری کا مسئلہ اٹھایا اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ مسٹر گپتا نے بار بار اپوزیشن ارکان سے پرسکون رہنے کی اپیل کی اور ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلنے دینے کی اپیل کی لیکن اس کے باوجود اپوزیشن لیڈر آتشی پرسکون نہیں ہوئیں۔
انہوں نے بیت الخلاء میں گندگی اور دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ (ڈی یو اے آئی بی) کے کام پر سوالات اٹھائے۔ اس دوران انہوں نے تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ نے اپنی بجٹ تقریر میں کچی آبادیوں کے حوالے سے بڑی بڑی باتیں کہی تھیں لیکن یہ تصویریں کچی آبادیوں کا برا حال بتا رہی ہیں۔
مسٹر گپتا نے مسز آتشی کی تصویر پیش کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ اپوزیشن ارکان کو ایوان کی کارروائی کو آسانی سے چلنے دینا چاہئے۔ اس کے بعد بھی جب اپوزیشن ارکان پرسکون نہیں ہوئے تو انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) کے لوگوں کے ہنگامے کی وجہ سے تقریباً آدھے گھنٹے تک وقفہ سوالات میں خلل پڑا۔ اس دوران انہوں نے مسز آتشی سے معافی مانگنے کو کہا۔ انہوں نے کہاکہ ’’آپ کو ایوان سے وقفہ سوالات میں خلل ڈالنے پر معافی مانگنی چاہیے۔‘‘