نئی دہلی (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو کہا کہ ان کی حکومت کا ہدف 2027 تک پورے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو الیکٹرک بنانا ہے ۔مسز گپتا نے آج نریلا میں نئے تعمیر شدہ ڈی ٹی سی بس ٹرمینل کا افتتاح کیا اور 100سے زیادہ نئی’دیوی‘بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تقریباً 2.63کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا۔ یہ ٹرمینل 9 بڑے راستوں پر 75بسوں کے آپریشن کو یقینی بنائے گا، جن میں سے زیادہ تر الیکٹرک بسیں ہوں گی۔ یہ ڈپو صرف 90 دنوں میں تیار کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا’دہلی کی سڑکوں پر اب 2000سے زیادہ الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔ ہماری حکومت کا مقصد 2027تک پورے ٹرانسپورٹ سسٹم کو الیکٹرک بنانا ہے‘ ۔انہوں نے کہا’ہم نے وعدہ کیا تھا کہ دہلی کے ہر بس ڈپو اور ٹرمینل کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ ہمارا ٹرانسپورٹ سسٹم ہموار، محفوظ اور ہر کونے تک پہنچے ۔ آج کے ٹرمینل اور دیوی بسیں اس عزم کا ثبوت ہیں۔ یہ ڈپو صرف 90 دنوں میں تیار کیا گیا ہے ، جو دہلی حکومت کے عزم اور کارکردگی کی ایک مثال ہے‘ ۔
انہوں نے کہا کہ نریلا کے اس بس ٹرمینل سے چلنے والی زیادہ تر بسیں الیکٹرک ہوں گی۔ اس بس ٹرمینل سے چلنے والی بسیں پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن، موری گیٹ، دہلی سکریٹریٹ، اتم نگر اور بارڈر ایریا کو جوڑیں گی۔ نریلا ڈپو سے چلنے والی بسوں سے شمال مغربی دہلی کی ٹریفک میں بہتری آئے گی اور راجدھانی کے کونے کونے میں صاف اور سبز ٹرانسپورٹ کا مقصد بھی پورا ہو جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ڈی ٹی سی کو، جو دہلی کی لائف لائن سمجھی جاتی ہے ، کو گڑھے میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ کے مطابق ڈی ٹی سی کو 65,000 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے جو دہلی حکومت کے مجموعی بجٹ کا 65 فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں دہلی میں 850 روٹس پر بسیں چلتی تھیں، اب وہ گھٹ کر آدھی رہ گئی ہیں لیکن خرچہ دوگنا ہو گیا ہے ۔ ٹکٹنگ اور خواتین کے مفت سفر میں بھی بڑے پیمانے پر گھپلے ہوئے جبکہ گنتی کا کوئی شفاف نظام نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے بسوں میں نصب پینک بٹن، سی سی ٹی وی کیمروں، ٹریننگ اور ملازمین کی بھرتی میں بے ضابطگیاں کیں۔ راستے کم کیے گئے ، کلومیٹر ریٹ بڑھے ، ٹکٹنگ اور مفت بس سروس میں گھپلے ہوئے اور ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو گئے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلی حکومتیں ‘کام میں دام’ تلاش کرتی تھیں، جبکہ موجودہ حکومت ‘کام’ پر توجہ دیتی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اب دہلی میں شفاف، جوابدہ اور عوامی بہبود کے ٹرانسپورٹ نظام کی سمت ٹھوس قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد 100 فیصد پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک بنانا ہے ، جس سے آلودگی کو ہوگی اور مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفر کا تجربہ ملے گا۔
دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا کہ یہ انتہائی جدید، ہائی ٹیک بس ٹرمینل 4000مربع میٹر کے علاقے میں بنایا گیا ہے اور نئی ای بسیں دہلی کے ہر شہری کو بہتر، قابل رسائی اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرمینل نہ صرف اسمارٹ سہولیات سے آراستہ ہے بلکہ اس میں الیکٹرک بسوں کی چارجنگ، مینٹیننس اور پارکنگ کی سہولیات بھی موجود ہیں جو کہ ماحولیات کے تئیں حکومت کے عزم اور نئی سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔