حیدرآباد(ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو) وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر نے کہاکہ دہلی کے لال قلعہ پر گلابی پرچم لہرایاجائے گا۔روزنامہ سیاست کی خبر کے مطابق ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے نعرہ دیا کہ ’اب کی بار کسان سرکار‘۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے علاقائی جماعت ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کی منظوری دینے کا تلنگانہ بھون میں جشن منایا گیا۔ کے سی آر نے بی آر ایس کے دستاویزات پر دستخط بھی کئے اور ساتھ ہی بی آر ایس کی پرچم کشائی انجام دی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ 14 دسمبر کو دہلی میں بی آر ایس آفس کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس تقریب میں کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ کمارا سوامی اور فلم اداکار پرکاش راج کے علاوہ ریاستی وزراء، ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ ٹی آر ایس کے دیگر قائدین موجود تھے۔
اس موقع پروزیراعلیٰ نے خطاب میں کہاکہ دہلی کے لال قلعہ پر گلابی پرچم لہرایا جائے گا۔ ساتھ ہی اس مرتبہ اب کی بار کسان کی حکومت قائم ہونے کا نعرہ دیا۔ کے سی آر نے کہاکہ ملک کے موجودہ تاریکی دور میں بی آر ایس ایک نئی روشنی بن کر اُبھرے گی اور بی آر ایس کی سیاسی سرگرمیاں پڑوسی ریاست کرناٹک سے شروع ہونگی۔
کے سی آر نے کہاکہ سیاست کے معنی ایک پارٹی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا اور شکست سے دوچار ہونا نہیں ہے جبکہ انتخابات میں عوام کی جیت ہونی چاہئے۔ عوامی نمائندوں کو کامیاب ہونا چاہئے۔ اسی فلسفہ کے تحت بی آر ایس کو تشکیل دیا گیا ہے۔ کئی تنقیدوں کا سامنا کرکے یہاں پہونچے ہیں۔ کسی نہ کسی کو مشعل اُٹھاکر ملک کی تاریکی میں روشنی بکھیرنی تھی وہ اس ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے قومی سیاست میں قدم رکھنے کیلئے بی آر ایس تشکیل دے چکے ہیں۔ تلنگانہ بھون پر بی آر ایس کا پرچم لہرتے ہوئے انھیں بے حد خوشی ہورہی ہے۔ چھوٹے سے قدم اٹھاتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک شروع کی تھی اور اس میں کامیاب بھی ہوئے تھے۔ ٹی آر ایس ملک میں بہت بڑی طاقت بن کر اُبھری ہے۔ ٹی آر ایس کے 60 لاکھ ارکان ہیں۔
انھوں نے کہاکہ ملک کئی مسائل سے دوچار ہوچکا ہے۔ ملک کا معاشی نظام کمزور ہوگیا ہے۔ معاشی نظام کو مستحکم کرنے کے لئے نئی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ قومی سطح پر نئے ماحولیاتی نظام تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ کے سی آر نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی پالیسیوں کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ کسانوں کے لئے پانی کے لئے علیحدہ علیحدہ پالیسیاں تیار کی جارہی ہیں۔
کرناٹک کے انتخابات میں بی آر ایس کی طرف سے انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ کمارا سوامی کو وزیراعلیٰ بنایا جائے گا۔ تلنگانہ کے سرحدی علاقوں میں موجود کرناٹک میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، جے ڈی ایس کی انتخٓبی مہم میں حصہ لیں گے۔ کے سی آر نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے ٹی آر ایس پارٹی کے بیانر تلے عوام کے درمیان پہونچے تھے۔ آج ملک کی ترقی کے لئے بی آر ایس کے بیانر تلے قومی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں جس کی تاریخی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ بی آر ایس پارٹی سارے ملک کے چپے چپے میں روشنی پھیلائے گی اور عوامی مسائل کے خلاف احتجاجی رُخ اپنائے گی۔
کے سی آر نے کہاکہ آیئے بی آر ایس کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھیں تاکہ تلنگانہ کی شان بھارت ماتا کے قدموں میں رکھی جائے اور ملک کا وقار دوگنا کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ 13 ڈسمبر کو شام میں دہلی روانہ ہوں گے اور 14 ڈسمبر کو پارٹی آفس کا آغاز کریں گے اور اُسی دن سے بی آر ایس پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ آئندہ 2 یا تین ماہ میں دہلی میں بی آر ایس پارٹی آفس کی ذاتی آُس کی تعمیر مکمل ہوجائے گی، اس کے بعد وہی پارٹی کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔