لکھنؤ (پریس ریلیز)لکھنؤ جیل کے میدان میںپیام انسانیت فورم لکھنؤ یونٹ نے شجر کاری کی۔اس موقع پرجیل سپرنٹنڈنٹ آشیش تیواری،ڈپٹی جیلر آلوک کمار تیواری نے شجر کاری کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا اور شجر کاری کے لئے پیام انسانیت فورم کی حوصلہ افزائی کی۔
آل انڈیاپیام انسانیت فورم کے اہم رکن مولانا عاصم ندوی نے بتایاکہ شجر کاری مہم کے تحت آل انڈیاپیام انسانیت فورم پودے لگانے کی مہم چلا رہی ہے اور عوام الناس میں اس کے متعلق بیداری پیدا کر رہی ہے۔
عاصم ندوی نے شجرکاری کرکے ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کیلئے پالی تھین کااستعمال نہ کرنے اورزیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی لوگوں سے اپیل کی۔انہوں نے اس موقع پر کہا ملک میں بڑھتی آلودگی اور موسمی تبدیلوں سے ہم سب بخوبی واقف ہیں۔موسم کی تبدیلی ایک حقیقت ہے اوراگر اس کی حفاظت نہ کی گئی تواس کے نتائج نقصاندہ ہوں گے۔ہم اپنی لائف اسٹائل میں تھوڑی تبدیلی لائیں توماحولیات کی حفاظت کرسکتے ہیں۔
اس موقع پرفورم کے کوآرڈی نیٹرشفیق چودھری نے سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہمیں خدا کا شکرادا کرنا چاہیے کہ ہمارا ملک ان چند خوش نصیب ممالک میں سے ایک ہے جس میں ایک سال میں دو سیزن شجر کاری کے آتے ہیں۔شجر کاری کا پہلا سیزن جنوری کے وسط سے مارچ کے وسط تک، اور دوسرا جولائی سے ستمبر کے وسط تک ہوتا ہے۔اس موقع پر خالد خان اورڈاکٹرریاض وغیرہ خاص طور سے موجود رہے۔