نئی دہلی:کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت بحال ہونے کے بعد انہیں اپنا سرکاری بنگلہ بھی واپس مل گیا ہے،جسے رکنیت کے خاتمہ کے ساتھ ہی چھین لیا گیا تھا۔ جب صحافیوں نے ان سے بنگلہ الاٹ ہونے کے بارے میں سوال کیا تو راہل گاندھی نے کہا کہ میرا گھر پورا ہندوستان ہے۔ وہ آسام کے لیڈروں سے ملنے کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے تھے۔ راہل گاندھی اپنی رکنیت بحال ہونے کے بعد منگل کو لوک سبھا پہنچے، لیکن انہوں نے تقریر نہیں کی۔
دھیان رہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر پارلیمنٹ میں بحث جاری ہے۔اس دوران امید قوی ہے کہ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپنی موجودگی کا احساس دلائیں گے۔ راہل گاندھی ویاناڈ، کیرالہ سے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ پیر کو لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد ان کی رکنیت بحال کردی گئی تھی۔
دراصل 2019 میں راہل گاندھی نے ‘مودی کنیت’ کے حوالے سے بیان دیا تھا، جس کے حوالے سے بی جے پی ایم ایل اے پورنیش مودی سورت کی نچلی عدالت پہنچے تھے۔ نچلی عدالت نے راہل گاندھی کو دو سال کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کے فیصلے کے 24 گھنٹے کے اندر ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔ تاہم جمعہ کو سپریم کورٹ نے راہل گاندھی کی سزا پر روک لگا دی تھی۔ جس کے بعد ان کی رکنیت بحال کر دی گئی اور اب انہیں ان کا سرکاری بنگلہ بھی مل گیا ہے۔