حیدرآباد (یواین آئی) تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ریاستی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ اضلاع میں بھی بارش ہورہی ہے۔حیدرآباد کے پرانا شہر کے ساتھ ساتھ بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، پنجہ گٹہ، خیریت آباد، مہدی پٹنم،نامپلی اوردیگر علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔متحدہ نظام آباد ضلع کے اندلوائی، ڈچپلی، دھرپلی، سری کونڈہ اور جکران پلی میں بھی شدید بارش ہو رہی ہے۔
ڈچپلی منڈل گنارام میں سب سے زیادہ 14 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔ گندھاری اور سری کونڈہ منڈل کے چیمانوپلی میں 12 سنٹی میٹر، سداشیو نگر،جکل اور جکران پلی میں 11 سنٹی میٹر،ڈچپلی اور مدن پلی میں 10 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔ بھوپال پلی ضلع میں اتوار سے مسلسل بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سنگارینی اوپن کاسٹ 2 اور 3 کانوں میں کوئلے کی پیداوار رک گئی ہے۔اضلاع سرسلہ، کاماریڈی، میدک،سنگاریڈی، وقارآباد، میڑچل میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سنگاریڈی ضلع کے کانگٹی میں سب سے زیادہ 13 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ میدک ضلع کے کوڈی پلی میں 8.3 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔
نرمل ضلع میں کڈم پراجکٹ میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا ہے۔ بالائی علاقوں سے پانی اس پراجکٹ میں داخل ہوا جس کی وجہ سے آبی ذخیرہ اپنی مکمل سطح آب 700 فٹ تک پہنچ گیا ۔ اس وقت ا س پراجکٹ میں 13,320 کیوسک پانی کا بہاو درج کیاگیا جس کے بعد حکام نے اس کے 3 دروازے کھولتے ہوئے 29,889 کیوسک پانی نچلے علاقوں میں چھوڑا۔ حکام نے نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس کردیا ہے۔ سیلاب کا بہاؤ بڑھنے کی صورت میں مزید دروازوں کو کھولنے کا امکان ہے۔اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں کم دباؤ کا علاقہ خلیج بنگال میں بننے کے امکانات ہیں۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ کم دباؤ کے زیر اثر آئندہ تین دنوں تک کئی اضلاع میں شدید سے شدید ترین بارش کا امکان ہے۔ منگل کونظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی، محبوب نگر اور نارائن پیٹ اضلاع میں سب سے زیادہ بارش ہونے کی توقع ہے۔ عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، بھوپال پلی، ملگ، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاوں، سدی پیٹ، یادادری بھونگیر، ناگرکرنول، ونپرتی اور گدوال اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔