جے پور، 15 نومبر (یو این آئی) راجستھان میں آئندہ 25 نومبر کو ہونے والے اسمبلی عام انتخابات میں پہلی بار گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت کی شروعات کے پہلے دن 12 ہزار سے زیادہ بزرگ اور معذور ووٹروں نے گھر بیٹھے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔راجستھان کے 26 اضلاع میں منگل سے ہوم ووٹنگ کی سہولت شروع ہوئی اور اس کے پہلے دن 80 سال سے زیادہ عمر کے 12 ہزار 342 ووٹروں اور 40 فیصد سے زیادہ معذوری والے ووٹروں نے گھر بیٹھے ووٹ ڈالے۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے بتایا کہ ریاست میں ہوم ووٹنگ کے پہلے دن 9687 بزرگ اور 2655 معذور ووٹروں نے گھر بیٹھے ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ 62 ہزار 927 اہل ووٹرز نے ہوم ووٹنگ کی سہولت کے لیے متبادل کے طور پر درخواست دی ہے۔ خصوصی پولنگ ٹیمیں ایسے ووٹرز کے گھر جا کر مکمل رازداری کے ساتھ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈلوارہی ہیں۔ 19 نومبر تک پوسٹل بیلٹ کے ذریعے گھر بیٹھے ووٹنگ کی جائے گی۔ وہ ووٹرز جو گھر پر ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے دوران گھر پر موجود نہیں رہیں گے، خصوصی پولنگ ٹیمیں 20 اور 21 نومبر کو ووٹ ڈالنے کے لیے دوسری بار ان کے گھروں کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضروری خدمات سے وابستہ ووٹر 19 سے 21 نومبر تک اپنا ووٹ ڈال سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہوم ووٹنگ کی سہولت کے پہلے دن، 102 سالہ بھوری دیوی، جو کہ جالور ضلع کے بھینمل اسمبلی حلقہ کے گھسیڈی سے ایک صد سالہ ووٹر ہیں، نے اس سہولت کے تحت اپنےگھر حق رائے دہی میں حصہ لیا۔ اسی طرح کھنڈر اسمبلی حلقہ کے جینا پور کے رہنے والے 101 سالہ ہیرالال اور کھنڈر اسمبلی حلقہ کے گاؤں کھیڈلی کی رہنے والی 101 سالہ رام کنیا نے بھی ہوم ووٹنگ کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالا۔ خصوصی پولنگ ٹیموں نے رانیواڈا اسمبلی حلقہ کے کارواڈا کے رہنے والے 98 سالہ کھیرام اور جالور اسمبلی حلقہ کے 92 سالہ موڈارام نے گھر سے ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے والے ان بزرگ اور معذور ووٹرز نے اس سہولت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا یہ قدم کافی موثر اور قابل ستائش ہے۔