نئی دہلی(یو این آئی) راجستھان میں کانگریس کی سیاست پر جاری پیش رفت کے درمیان مرکزی مبصر کے طور پر جے پور جانے والے پارٹی کے سینئر لیڈر ملک ارجن کھڑگے اور اجے ماکن نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو پوری پیش رفت پر اپنی رپورٹ سونپی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں قائدین کو صبح ہی رپورٹ پیش کرنی تھی لیکن اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ جلد بازی میں کچھ نہ لکھا جائے، شام کو رپورٹ کے ساتھ صورتحال کی تفصیلات محترمہ سونیا گاندھی کو سونپ دی گئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے مبصرین نے سونیا گاندھی کو اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان کے معاملے میں تادیبی کارروائی ضروری ہے۔ چیف منسٹر اشوک گہلوت کے کئی حامیوں نے پارٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی ہے اور ان میں سے تین وفاداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جانی چاہئے ، جن میں دھاریوال کا نام بھی بتایا جا رہا ہے۔
واضح ر ہے کہ اتوار کی شام سات بجے جے پور میں مقننہ پارٹی کی میٹنگ بلائی گئی تھی، لیکن گہلوت کے حامی اراکین اسمبلی کی وجہ سے یہ میٹنگ نہیں ہو سکی۔ مرکزی مبصرین مسٹر کھڑگے اور مسٹر ماکن نے ہنگامہ آرائی کی اطلاع دینے کے لئے پیر کے روز سونیا گاندھی سے ملاقات کی، لیکن ان سے زبانی رپورٹ کے بجائے تحریری طور پر تفصیلی رپورٹ دینے کو کہا گیا، جس کی تعمیل کرتے ہوئے انہوں نے آج رپورٹ سونپ دی۔












