پٹنہ، 16 جولائی (یو این آئی) بہار میں پٹنہ ضلع کے بختیار پور تھانہ علاقے میں صبح ہائیوااور اسکارپیو کے درمیان ٹکر میں چار خواتین سمیت چھ افراد کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اسکارپیو پر سوار لوگ نوادہ ضلع کے نرہٹ تھانہ علاقہ کے ہمیر پور باڑہ کے رہنے والے مکیش کمار کے بیٹے ہیرالال کی منڈن تقریب میں شرکت کے لئے اوماناتھ مندر جا رہے تھے۔
اس دوران ایک تیز رفتار اسکارپیو نے مانسروور پٹرول پمپ کے قریب سڑک کے کنارے کھڑی ہائی وے کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں اسکارپیو پر سوار چار خواتین سمیت چھ افراد کی موت ہو گئی جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت پھلوا دیوی (52)، کملا دیوی (55)، نیرج کمار (25) ، پاروتی دیوی (50)، نرملا دیوی (50) اور ریشو کماری (05) کے طور پر کی گئی ہے۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔
دریں اثناء نتیش نے بختیار پور سڑک حادثہ میں چھ لوگوں کی موت پر غم کا اظہار کیا۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بختیار پور-بہار شریف روڈ پر آج پیش آئے ایک ہولناک حادثے میں چھ لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مسٹرکمار نے منگل کو باڑھ سب ڈویژن کے بختیار پور تھانہ کے تحت بختیار پور-بہارشریف سڑک کے زیر تعمیر چار لین پر پیش آئے سڑک حادثے میں چھ لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔