نئی دہلی، 16 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بہار میں وکاس شیل انسان پارٹی-وی آئی پی کے بانی اور سابق وزیر مکیش ساہنی کے والد جیتن ساہنی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو قابل مذمت قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایشورسے مسٹر ساہنی کی آتما کی شانتی اور متاثرہ خاندان کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت دینے کی دعا کی اور کہا کہ اس جرم کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ساہنی خاندان کو انصاف ملنا چاہیے۔
مسٹر گاندھی نے کہا، ’’وکاس شیل انسان پارٹی کے بانی، بہار کے سابق وزیر اور انڈیا الائنس کے ہمارے ساتھی مکیش ساہنی جی کے والد جیتن ساہنی جی کے وحشیانہ قتل کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میں مکیش جی اور ان کے پورے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس قابل مذمت جرم کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ بہار حکومت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ فوری کارروائی کرے اور قاتلوں کو سخت سزا اور ساہنی خاندان کو انصاف فراہم کرے۔
محترمہ واڈرا نے کہا، "وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ اور بہار حکومت کے سابق وزیر مکیش ساہنی جی کے والد مسٹر جیتن ساہنی جی کے قتل کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری تعزیت مکیش ساہنی جی اور ان کے خاندان کے ساتھ ہے۔ ایشور ان کی آتما کو سکون عطا فرمائے۔ یہ ہولناک واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ بہار میں امن و امان مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور اس جنگل راج میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ مجرموں کے خلاف فوری اور سخت ترین کارروائی کی جائے۔