گیا/پٹنہ 05 نومبر (یو این آئی) بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق ریاستی صدر سمراٹ چودھری نے آج دعویٰ کیا کہ اسمبلی ضمنی انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار بیلا گنج سمیت تمام چار سیٹوں پر جیتیں گے۔منگل کے روز این ڈی اے کی اتحادی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کی امیدوار منورما دیوی کے حق میں روڈ شو اور عوامی رابطہ کے دوران مسٹر چودھری نے کہا کہ عوام کو این ڈی اے حکومت کے ترقی اور روزگار فراہم کرنے کے بہترین ٹریک ریکارڈ پر پورا بھروسہ ہے، اس لیے بیلا گنج سمیت چاروں اسمبلی حلقوں میں این ڈی اے کے امیدوار جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیا میں ڈوبھی انڈسٹریل کاریڈور کا 1675 ایکڑ میں بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا اور مذہبی سیاحت کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے بودھ گیا اور وشنوپد مندر میں ایک کوریڈور بنایا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مندر کوریڈور کی تعمیر سے مقامی آرٹ، صنعت، ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گیا-پٹنہ ہائی وے دیا جس کی وجہ سے آج پٹنہ سے گیا کا فاصلہ صرف ڈیڑھ گھنٹہ کا رہ گیا ہے۔ اس سے پہلے سڑکوں کی حالت ایسی تھی کہ گیا-پٹنہ کے سفر میں چار گھنٹے لگتے تھے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت نے بہار کو لالٹین کے دور سے نکالا، جس کی وجہ سے اب ہر گاؤں میں بجلی پہنچ چکی ہے۔ کہیں لالٹین کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کمار کی قیادت والی این ڈے اے حکومت اب 12 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرے گی۔