سری نگر(یو این آئی)جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ شہر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سری نگرسمیت وادی کے باقی اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار سکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قرفلی محلہ سری نگر میں ملی ٹینٹ حملے کے بعد سری نگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جو راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ شالہ کدل قرفلی محلہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں دو غیر مقامی شہریوں کی ہلاکت کے بعد پائین شہر میں سیکورٹی فورسز کو جگہ جگہ پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالاجارہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر رات کے دوران فورسز کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سری نگر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔