سری نگر، 18 نومبر (یو این آئی) جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنا ہماری منزل ہے۔
انہوں نے پی ڈٰ پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اس پارٹی کو اقتدار میں لایا یہ پارٹی ان ہی لوگوں کے خلاف ہے۔موصوف صدر ان باتوں کا اظہار ہفتے کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں عوامی جلسے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میں اننت ناگ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جو جلسے میں شریک ہوئے اور اس سے مجھے لگتا ہے کہ ہم صحیح راستے پر گامزن ہیں’۔
پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘پی ڈی پی ان ہی لوگوں کے خلاف ہے جنہوں نے اس پارٹی کو اقتدار میں لایا، کیا یہ پارٹی چاہتی ہے کہ جماعت اسلامی کے بزرگ رہنمائوں کو بھی بند کیا جائے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنا ہی ہماری منزل ہے’۔مسٹر بخاری نے کہا کہ جو لوگ کشمیر کے زخموں کو کرید رہے ہیں ہم ان کو آئینہ دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں اور یہ ایک طویل سفر ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہماری مد مقابل جماعتیں شاطر ہیں ہم ان کے ہی حربوں کو استعمال کرکے ان کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی رہائی، ان کی ویری فکیشن ہونے اور پاسپورٹ اجرا ہونے کے لئے میں ہر جگہ لڑوں گا اور اس سے مجھے کوئی طاقت روک نہیں سکتی ہے۔












