نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):دوارکا اور شاردا پیٹھ کے شنکراچاریہ سوامی سوروپانند سرسوتی کا اتوار کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 99 برس تھی۔ شنکراچاریہ نے مدھیہ پردیش کے نرسنگھ پور میں آخری سانس لی۔
شنکراچاریہ سوامی سوروپانند سرسوتی نے اتوار کی سہ پہر 3.30 بجے نرسنگھ پور کے جھوٹیشور میں واقع پرمہانسی گنگا آشرم میں آخری سانس لی۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ سوامی سوروپانند نے رام مندر کی تعمیر کے لیے طویل قانونی جنگ لڑی تھی۔ ایسا بھی دعویٰ کیا جاتا ہے کہ جدوجہد آزادی میں وہ جیل بھی گئے تھے۔
سوامی سوروپانند سرسوتی 2 ستمبر 1924 کو مدھیہ پردیش کے سیونی ضلع کے دیگھوری گاؤں میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام دھن پتی اپادھیائے اور والدہ کا نام گریجا دیوی تھا۔ ان کے والدین نے اس کا نام پوتھیرام اپادھیائے رکھا۔ سوامی سوروپانند نے 9 سال کی عمر میں گھر چھوڑا اور مذہبی سفر شروع کیا۔ اس دوران وہ کاشی پہنچے جہاں انہوں نے سوامی کرپتری مہاراج سے ویدوں اور شاستروں کی تعلیم حاصل کی۔1981 میں انہیں شنکراچاریہ کا خطاب ملا۔