حیدرآباد (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) : مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج کاما ریڈی ضلع کے برکور منڈل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے راشن دکانوں میں عوامی نظام تقسیم کا جائزہ لیا۔ نرملا سیتارمن نے اس موقع پر کلکٹر کاما ریڈی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر راشن کارڈ ہولڈرس کو ڈیلرس کی جانب سے ہراساں کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔روزنامہ سیاست کی خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوام نے راشن کی عدم سربراہی کے بارے میں شکایت کی ہے ۔ نرملا سیتا رمن راشن دکان پر اچانک پہنچ گئیں اور عوام سے بات چیت کی ۔ انہوں نے راشن دکان پر جملہ کارڈس کی تعداد اور استفادہ کنندگان کے مطابق چاول کے اسٹاک کی موجودگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کلکٹر کاما ریڈی جتیش پاٹل سے سوال کیا کہ ایک کیلو چاول پر مرکزی حکومت کی جانب سے کتنی حصہ داری ادا کی جارہی ہے ۔ کلکٹر کی جانب سے جواب دینے میں تامل پر مرکزی وزیر نے برہمی ظاہر کی اور کہا کہ صحیح جواب دیاجانا چاہئے ۔ نرملا سیتا رمن نے کلکٹر کو 30 منٹ کا وقت دیا تاکہ وہ معلومات حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک کیلو چاول پر 35 روپئے کا خرچ آتا ہے اور مرکزی حکومت 29 روپئے ادا کر رہی ہے ۔ ایک مرحلہ پر نرملا سیتا رمن نے راشن ڈیلر کو انتباہ دیا کہ وہ عوام کو ہراساں کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ راشن ڈیلر کے خلاف کارروائی کریں۔
کووڈ کی صورتحال کے دوران مارچ 2020 ء سے مرکز غریبوں کو چاول مفت سپلائی کر رہا ہے ۔ مرکز کی جانب سے چاول کی روانگی اور گودام کے اخراجات بھی برداشت کئے جارہے ہیں۔ نرملا سیتا رمن نے راشن شاپ میں وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر نہ ہونے پر برہمی ظاہر کی اور ڈیلر کو ہدایت دی کہ وہ جب دوبارہ آئیںں گی تو وزیراعظم کی تصویر ہونی چاہئے ۔ ہر راشن دکان پر وزیراعظم کی فلیکسی لگائی جائے۔ غریبوں کی مدد کرنے والے نریندر مودی کی تصویر کی عدم موجودگی کے بارے میں کلکٹر سے سوال کیا۔ مقامی بی جے پی کارکنوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے وزیراعظم کی تصویر پر اعتراض کیا جارہا ہے ۔ نرملا سیتارمن نے ہر راشن شاپ میں وزیراعظم کی تصویر لگانے کی ذمہ داری ضلع کلکٹر کے سپرد کی اور کہا کہ تلنگانہ کی ہر راشن کارڈ شاپ میں وزیراعظم کی تصویر لگانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔
نرملا سیتا رمن نے بی جے پی کارکن ٹی پرساد کے مکان میں ناشتہ کیا۔ وہ ان دنوں ظہیر آباد لوک سبھا حلقہ کے تحت بی جے پی کے پروگراموں میں شرکت کر رہی ہیں۔ انہوں نے بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ مرکزی وزیر نے بی جے پی کارکنوں سے مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔