اوم برلا نے اس موقع سے کہا”دو طرفہ تعلقات کثیر جہتی اور باہمی تعاون پر مبنی ہیں”
نئی دہلی (یو این آئی) زامبیا جہوریہ کی قومی اسمبلی کی اسپیکر محترمہ نیلی بوٹیٹے کاشومبا مٹی کی قیادت میں آئے ایک پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں آج لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کی جانب سے زامبیا کے پارلیمانی وفد کے ار اکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر برلا نے محترمہ نیلی بوٹیٹے کاشومبا مٹی کو زامبیا کی قومی اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
ہندوستان کو جمہوریت کی ماں قرار دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت ہے جہاں 90 کروڑ سے زیادہ رائے دہندگان لوک سبھا کے 545 اراکین کا انتخاب کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایوان میں موجود عوامی نمائندے شہریوں کی امیدوں، امنگوں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
ہندوستان کی ترقی کے سفر کے تناظر میں مسٹر برلا نے کہا کہ جمہوری نظام نے ملک کی ترقی میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں پارلیمنٹ نے سماج کے مختلف طبقات کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کئی ترقی پسند سماجی اور اقتصادی قوانین بنائے ہیں۔پارلیمانی نظام میں کمیٹیوں کے وسیع نظام کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ کمیٹیوں کے ذریعے ایگزیکٹو کو بااختیار بنایا جاتا ہے۔ احتساب اور شفافیت کو یقینی بنایا جاتا ہے جس سے پارلیمانی نگرانی کو تقویت ملتی ہے۔ مسٹر برلا نے کہا کہ موجودہ بجٹ اجلاس میں پارلیمنٹ عوامی مالیات کے نگران کے طور پر اپنے کردار کو مضبوطی سے ادا کر رہی ہے۔
ہندوستان اور زامبیا کے درمیان باہمی تعلقات کو تاریخی طور پر کثیر جہتی اور باہمی تعاون پر مبن قرار دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ موجودہ صدی میں دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ وسیع ہوا ہے۔ ہندوستان کو دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت قرار دیتے ہوئے مسٹر برلا نے خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان اور زامبیا کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
جی 20 گروپ کی ہندوستان کی سربراہی کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ جی 20 بین الاقوامی اقتصادی تعاون کا ایک بڑا فورم ہے اور ہندوستان ترقی پذیر ممالک اور گلوبل ساؤتھ کے اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے اس فورم کا استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بھارت پی 20 کانفرنس کا بھی انعقاد کر رہا ہے۔ مسٹر برلا نے بتایا کہ ‘واسودھائیو کٹمبکم’ کے تصور کے مطابق ہندوستان پوری دنیا کو ایک خاندان کے طور پر دیکھتا ہے اور اسی بنیاد پر جی 20 کا موضوع – ‘ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل’ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اس فورم پر عالمی معاملات کے موثر حل کی کوشش کرے گا اور اس مقصد کے لئے زامبیا کے فعال تعاون کا منتظر ہے۔
پارلیمانی اداروں کو جمہوری طرز حکمرانی کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے مسٹر برلا نے دونوں ملکوں کے درمیان باقاعدہ بات چیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ زامبیا کے پارلیمانی وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔