ممبئی(ایجنسیاں) : ممبئی کی ایک اسپیشل کورٹ نے مافیا سرغنہ داود ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کی سرگرمیوں سے وابستہ منی لانڈرنگ معاملہ میں مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کو بدھ کو ضمانت دینے سے انکار کردیا ۔ خصوصی جج آر این روکڑے نے نواب ملک کی ضمانت کی عرضی خارج کردی ۔ عدالت نے نواب ملک کی ضمانت عرضی پر دونوں فریقوں کے طویل دلائل کو سننے کے بعد 14 نومبر کو اپنا حکم محفوظ رکھ لیا تھا ۔
خیال رہے کہ انفورسمنٹ ڈٓائریکٹوریٹ نے اس سال فروری میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر نواب ملک کو گرفتار کیا تھا ۔ وہ عدالتی حراست میں ہیں اور فی الحال ان کا یہاں کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج چل رہا ہے ۔این سی پی لیڈر نواب ملک نے منی لانڈرنگ معاملہ کو لے کر ان کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے کوئی سنگین جرم نہیں ہونے کی دلیل دیتے ہوئے ضمانت دئے جانے کی اپیل کی تھی ۔حالانکہ جانچ ایجنسی نے داود ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف این آئی اے کے ذریعہ درج معاملات کو بنیاد مانتے ہوئے ضمانت کی مخالفت کی تھی ۔