تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی عرضی پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو دیا از سر نومعاملہ کی سماعت کاحکم
حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے وقف رحمانیہ کے تحت موجود سروے نمبر 230 میں 18 ایکڑ 23گنٹہ پر جاری اراضی کے موقف کوتبدیل کرنے کے اقدامات پر روک لگانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکام کے بعد مذکورہ اراضی پر جاری سرگرمیو ںکو روکنے کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل خصوصی درخواست مرافعہ میں سپریم کورٹ نے فیصلہ صادر کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ کو تمام فریقین بشمول تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے ادعا جات کی سماعت کے بعد فیصلہ دینے کے احکام جاری کئے ہیں۔سیاست نیوز کی خبر کے مطابق وقف رحمانیہ ضلع محبوب نگر کے تحت موجود اس انتہائی قیمتی اراضی پر قابضین نے اسے نجی اراضی قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے ہائی کورٹ میں احکام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی تھی جس پر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ کے ان احکامات کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی تھی ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے داخل کی گئی درخواست نمبر 4902-03/2023 کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ جسٹس بوپمنا اور جسٹس سندریش نے احکام جاری کرتے ہوئے مقدمہ کو تلنگانہ ہائی کورٹ منتقل کرنے کے ہدایت دی اور عدالت کے رجسٹرار کو تاکید کی کہ وہ اس مقدمہ کی دوبارہ سماعت کا آغاز کرواتے ہوئے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے موقف کی سماعت کو یقینی بنائے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ضلع محبوب نگر کی اس قیمتی موقوفہ اراضی کے سلسلہ میں مقدمہ کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کے بعد موجودہ بورڈ نے سپریم کورٹ میں خصوصی درخواست دیوانی و مرافعہ داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کروڑہا روپئے مالیتی اس اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں سپریم کے اس فیصلہ کے ساتھ ہی سپریم کورٹ کے احکام تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو روانہ کرتے ہوئے سروے نمبر 230 میں موجود اراضی کے موقف کو تبدیل کرنے کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کے اقدامات نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ چیف اکزیکیٹیو آفیسر جناب سید خواجہ معین الدین نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ہائی کورٹ میں مؤثر پیروی اور اراضی سے متعلق تمام دستاویزات کو پیش کرنے کے لئے خصوصی لیگل ٹیم کی تیاری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔