جموں (یو این آئی) جموں وکشمیرکے راجوری ضلع میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ڈوڈہ ، بدرواہ ، ٹھاٹھری اور کشتواڑ میں مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کررہ گئی۔بتادیں کہ مسلم اور ہندو تنظیموں نے ہلاکتوں کے خلاف منگل کو مکمل ہڑتال کی کال دی تھی۔
اطلاعات کے مطابق راجوری میں شہری ہلاکتوں کے خلاف پیر پنچال کے اکثر علاقوں میں منگل کے روز مکمل ہڑتال رہی ۔معلوم ہوا ہے کہ سناتھن دھرم سبھا اور مسلم تنظیموں نے منگل کے روز پیر پنچال میں مکمل ہڑتال کی کال دی تھی۔نامہ نگار نے بتایا کہ ڈوڈہ ، بدرواہ ، ٹھاٹھری اور کشتواڑ میں کاروباری ادارے ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رہی۔
انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوارو اقعے کو ٹالنے کی خاطر متاثرہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔اُن کے مطابق نماز ظہر کے بعد راجوری اور کشتواڑ میں مسلمانوں اور ہندو ں نے مشترکہ طورپر ایک پُر امن جلوس نکالا جس دوران مظاہرین ہندو مسلم سکھ اتحاد کے نعرے لگا رہے تھے۔
مظاہرین نے اس موقع پر پاکستان کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور حملہ آوروں کو جلدازجلد کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ۔
معلو ہوا ہے کہ ہڑتال کی وجہ سے کشتواڑ ، ، ڈوڈہ اور راجوری میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کررہ گئیں جبکہ سرکاری اداروں میں بھی کوئی کام کاج نہیں ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ شہری ہلاکتوں کے خلاف لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔