پٹنہ( یواین آئی )جے ڈی یو پروفیشنل اینڈ انڈسٹری سیل اور جے ڈی یو ایجوکیشن سیل کا مشترکہ علاقائی ٹریننگ کم ڈائیلاگ پروگرام راجگیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام کا افتتاح جے ڈی یو کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، ریاستی صدر مسٹر امیش سنگھ کشواہا اور بہار حکومت کے مالیات اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری نے کیا۔ پروگرام کی صدارت جے ڈی یو کے ایم ایل اے اور ریاستی خزانچی اور دونوں سیل کے انچارج مسٹرللن صراف نے کی اورنظامت جے ڈی یو ایجوکیشن سیل کے ریاستی صدر ڈاکٹر امردیپ نے کیا۔
اس موقع پر جے ڈی یو کے قومی صدر مسٹر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے کہا کہ آج ملک میں ایمرجنسی سے بھی آگے کی صوتحال ہے۔ تاریخ بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پوری جمہوریت کا نام ایک شخص کے نام پر رکھنے کی کوشش ہورہی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم کرپشن، اقربا پروری اور خوشامد سے لڑنے کی بات کرتے ہیں۔ ایسا بولنے سے پہلے انہیں اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہیے۔ 70 ہزار کروڑ کا گھپلہ کرنے والا ان کی واشنگ مشین میں جا کر صاف ہو جاتا ہے۔ خوشامد کی سیاست سب سے زیادہ کوئی کرتا ہے تو وہ خود وزیر اعظم ہیں اور جہاں تک اقربا پروری کا تعلق ہے، اس ملک میں اس کے خلاف بولنے کا حق صرف ہمارے لیڈر مسٹر نتیش کمار کو ہے، جن کے خاندان کے افراد کو لوگ نہیں جانتے۔ مسٹرللن سنگھ نے مزید کہا کہ آج ہمارا ملک خطرے میں ہے۔ اگر ملک میں جمہوریت کو بحال کرنا ہے تو ہمیں چوکنا رہنا ہوگا اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا پیغام ہر گاو ¿ں اور ہر لوگوں تک پہنچانا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج مرکز میں بیٹھے لوگوں کو ‘انڈیا’ اتحاد کی وجہ سے پسینہ آرہا ہے اور اس کا کریڈٹ ہمارے لیڈر کو جاتا ہے۔
ریاستی صدر مسٹر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ جس طرح ہمارے لیڈر مسٹر نتیش کمار نے بہار کا کایا کلپ کیا، اب پورے ملک کے لئے ایسا ہی کرنے کی ضرورت ہے، جس کی صورت کومرکز کی آمرانہ حکومت نے بگاڑ کر رکھ دیا۔ یہ حکومت ہماری گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ آئینی اداروں کا غلط استعمال عروج پر ہے اور جمہوریت کی روح کراہ رہی ہے۔ اگنیور جیسی اسکیمیں لا کر ان لوگوں نے ہمارے ملک کے نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا کام کیا ہے۔ 2024 میں ہمیں مودی شاہ اور ان کے گینگ کو کسی بھی قیمت پر اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ ہمیں بہار سے لوک سبھا کی 40 میں سے 40 سیٹیں انڈیا اتحاد کے ہاتھ میں دینا ہوں گی۔
بہار حکومت کے خزانہ و پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری نے کہا کہ یہ ہمارے لیڈر مسٹر نتیش کمار کی کامیابی اور ان کی سوچ کا نتیجہ ہے کہ بہار میں ترقی کی رفتار دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے۔ ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس کے حال ہی میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں غربت میں کمی کی شرح 9.98 فیصد ہے جب کہ بہار میں یہ شرح 18.13 فیصد ہے۔ یعنی بہار میں غربت میں کمی کی شرح ملک کے مقابلے دو گنا ہے۔ وزیر اعظم نے ملک کی ترقی کے جو اعداد و شمار بتائے ہیں ان میں بہار کا بڑا حصہ ہے، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔