حیدرآباد:حج 2023 ء کے منتخب عازمین کی جانب سے سفری اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی کی مہلت آج ختم ہوگئی ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے سفری اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 70 ہزار روپئے ادا کرنے کی خواہش کی تھی ۔ 17 تا 24 اپریل پہلی قسط ادا کرنے کی مہلت دی گئی جو آج ختم ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کے تقریباً 4650 عازمین حج نے پہلی قسط کی رقم جمع کرادی ہے۔ حج 2023 ء کے لئے تلنگانہ سے 5278 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ ریاستی حج کمیٹیوں نے پہلی قسط کی ادائیگی کی مہلت میں توسیع کی خواہش کی ہے۔ تاہم حج کمیٹی آف انڈیا سے توسیع کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ۔ واضح رہے کہ عازمین حج سے بطور اڈوانس 81,800 روپئے حاصل کئے گئے اور پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 70 ہزار روپئے کا تعین کیا گیا۔ سفری اخراجات کی دوسری اور باقی قسط کی رقم کا تعین فضائی سفر کے خرچ اور سعودی حکومت کی جانب سے انتظامات کے تعین کے بعد کیا جائے گا۔ منتخب عازمین حج کو اڈوانس رقم کی پے سلپ ، درخواست فارم کا پرنٹ ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ ، اوریجنل انٹرنیشنل پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات 18 اپریل تک جمع کرانے تھے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذرائع کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے حج انتظامات میں تیزی پیدا کردی ہے اور عنقریب دوسری اور آخری قسطوں کی رقم کا اعلان کیا جائے گا۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے ویٹنگ لسٹ کے تحت 1 تا 1200 عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات یکم مئی تک تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرائیں۔ر












