حیدرآباد:تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس کل 3 مئی کو 11:30 بجے دن حج ہاوز، نامپلی میں منعقد ہوگا۔ حج 2023 کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ صدرنشین جناب محمد سلیم صدارت کریں گے۔ سیاست نیوزکاکہنا ہے کہ حج کیمپ کے اہم انتظامات کے سلسلہ میں ای۔ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں جن کی 11 مئی کو کشادگی عمل میں آئے گی۔ عازمین حج کو کیمپ کے دوران تین وقت کے کھانے کی سربراہی کیلئے ٹنڈر طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حج کیمپ کیلئے ایر کنڈیشنڈ شیڈ اور دیگر سہولتوں کے سلسلہ میں سپلائینگ کمپنی سے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ حج کیمپ کے دوران حج ہاوز اور اس کے اطراف مینٹننس اور صحت و صفائی کے انتظامات کے علاوہ عازمین حج کو شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ منتقلی کیلئے اے سی لگژری بسوں اور لگیج کی منتقلی کیلئے ڈی جی ٹی وہیکل کی سربراہی کیلئے علحدہ ٹنڈرس طلب کئے گئے۔ جناب محمد سلیم نے بتایا کہ کیمپ میں بہتر انتظامات کو یقینی بنانے مکمل شفافیت کیلئے ای۔ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ سابق میں کئی کام نامنیشن بنیاد پر الاٹ کئے گئے تھے۔ اجلاس میں محکمہ جاتی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس کی تاریخ طئے کی جائے گی۔ انتظامات کی نگرانی کیلئے 5 ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن میں فوڈ کمیٹی، ٹرانسپورٹ کمیٹی، سپلائینگ کمپنی کمیٹی، اکاموڈیشن کمیٹی اور والینٹرس کمیٹی شامل ہیں۔ عازمین حج کے میڈیکل اسکریننگ انتظامات اور ٹیکہ اندازی کیمپ کے انعقاد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی کی جانب سے اردو زبان میں حج گائیڈ کی تیاری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر ایرپورٹ پر انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان اجلاس میں شرکت کریں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج 2023 کے انتظامات ہر سال کی طرح ملک بھر میں مثالی رہیں گے۔