حیدرآباد، 5 نومبر (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کے روز کہا کہ تلنگانہ میں ذات برادری کی مردم شماری پورے ملک کے لئے ایک مثال قائم کرے گی۔آج یہاں بون پلی میں گاندھی آئیڈیالوجی سینٹر میں ذات برادری کی مردم شماری کے مسئلے پر دانشوروں اور بی سی (پسماندہ طبقوں) کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ ذات برادری کی تفریق عدم مساوات کو روا رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذات برادری کی مردم شماری سے تمام برادریوں میں بیداری آئے گی، بالخصوص ان لوگوں میں جو نسلوں سے پسماندہ ہیں، اس سے ملزمان کو انصاف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنائے گی اور دلت، او بی سی اور خواتین کو متاثر کرنے والی سماجی واقتصادی عدم مساوات قلع قمع کرے گی۔
انہوں نے کہا، "ہمیں ملک میں موجود ذات پات کے امتیاز اور عدم مساوات کو قبول کرنا چاہیے۔ کچھ لوگ مجھ پر الزام لگاتے ہیں کہ میں ان مسائل کو حل کر کے ملک کو تقسیم کر رہا ہوں، لیکن سچ بولنے سے ملک تقسیم نہیں ہوتا ہے۔ ذات پات کی مردم شماری دلتوں، او بی سی اور خواتین کی سماجی و اقتصادی حقیقتوں کو اجاگر کرے گی اور یہ شناخت کرنے میں مدد کرے گی کہ مالی وسائل کس کے پاس ہیں۔ میں نے پارلیمنٹ میں واضح طور پر وعدہ کیا تھا کہ ہم ذات پات کی مردم شماری کریں گے اور ریزرویشن کی حد کو ختم کریں گے۔
کانفرنس میں ذات پات سے متعلق مسائل پر دانشوروں اور پروفیسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور مسٹر راہل گاندھی نے ذاتی طور پر ان کی تجاویز کو نوٹ کیا۔
اس موقع پر تلنگانہ کے وزیر اعلی ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں سماجی، اقتصادی، سیاسی، تعلیمی اور روزگار پر مبنی ذات مردم شماری سروے کو حکومت کی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "سماجی مساوات کے لیے اس چیلنج کو قبول کرنا راہل گاندھی کی ہمت ہے۔ ان کی عہد بندی صرف الفاظ میں نہیں بلکہ عمل سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔”
مسٹر ریڈی نے ذات برادری کی مردم شماری کرکے اور اس کے مکمل ہونے کے بعد پسماندہ طبقات کے لیے مناسب ریزرویشن کو یقینی بناتے ہوئے راہل گاندھی کے وعدے کو پورا کرنے کے ریاست کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم راہل گاندھی کے ذات پات کی مردم شماری کے وعدے کو پورا کرنے اور منصفانہ ریزرویشن کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے آئندہ 2025 کی مردم شماری میں ذات پات کی مردم شماری کو شامل کرنے کی تجویز کا اعلان کیا۔
نائب وزیر اعلی بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ راہل گاندھی کی کشمیر سے کنیا کماری تک کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران، انہوں نے ملک کے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی ضرورت کو دیکھا۔ اس احساس سے متاثر ہو کر تلنگانہ کانگریس نے انتخابات جیتنے کی صورت میں ذات پات کی مردم شماری کو نافذ کرنے کا عہد کیا ہے۔ ذاتوں کی گنتی پر متفقہ قرارداد اسمبلی میں پہلے ہی منظور ہو چکی ہے اور محکمہ منصوبہ بندی نے اسے رسمی شکل دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے بدھ کے روز ذات پات کی مردم شماری کے آغاز کی تیاری کے لیے پرائمری اسکولوں کے آدھے دن کے سیشن کا اعلان کیا ہے۔