رانچی، 27 فروری (یو این آئی) جھارکھنڈ حکومت نے آج ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں 5508 کروڑ روپے کا تیسرا ضمنی بجٹ پیش کیا۔وزیر خزانہ رادھا کرشنا کشور نے وقفہ سوال کے بعد مالی سال 2024-25 کے لیے 5508 کروڑ روپے کا تیسرا ضمنی بجٹ پیش کیا۔ اس سے پہلے دسمبر میں، مالی سال 2024-25 کے لیے 11697.45 کروڑ روپے کا دوسرا ضمنی بجٹ پیش کیا گیا تھا۔
ضمنی بجٹ پر جمعہ کو بحث کی جائے گی۔مالی سال 2025-26 کا ریاستی بجٹ 3 مارچ کو پیش کیا جائے گا۔ گزشتہ سال نومبر میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی قیادت والے اتحاد کے انتخابات جیتنے کے بعد ہیمنت سورین کی قیادت والی حکومت کا یہ پہلا بجٹ ہوگا۔ اسمبلی کا اجلاس 24 فروری کو شروع ہوا اور 27 مارچ کو ختم ہوگا۔
جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع کے تحت اچاک میں مہاشیو راتری کے موقع پر پرتشدد جھڑپ کا معاملہ جمعرات کو ریاستی اسمبلی میں اٹھایا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے برکٹھا کے ایم ایل اے امت یادو اور ہزاری باغ کے ایم ایل اے پردیپ پرساد نے ایوان میں اس واقعہ کا ذکر کیا اور کہا کہ تہوار کے دوران پتھراؤ کرکے ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ بی جے پی ممبران اسمبلی نے اس معاملے میں فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بی جے پی ایم ایل اے نے کہا کہ اچاک کا واقعہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔
اس معاملے میں وزیر عرفان انصاری کا ایک اشتعال انگیز بیان آیا ہے۔ اس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ہزاری باغ میں آنے والے دنوں میں بین الاقوامی سطح پررام نومی منائی جانے والی ہے۔ اس دوران پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ سڑکوں پرہوتے ہیں۔ وزیر کے اس طرح کے بیانات سے ہزاری باغ کی صورتحال کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے اسمبلی کمیٹی تشکیل دی جائے۔