ناسک، 10 فروری (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر چھگن بھجبل کو ایک بار پھر مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی والا خط ملا ہے۔بھجبل کو 9 فروری (کل) کو یہاں ان کے دفتر میں ایک’ ‘دھمکی آمیز‘ خط موصول ہوا، جس میں انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ اس کام کے لیے’ ‘سپاری‘ دی جائے گی۔
پولیس نے کہا’’مسٹر بھجبل کو مارنے کا ٹھیکہ پانچ لوگوں کو دیا گیا تھا۔ اس کی قیمت 50 لاکھ روپے ہے۔ اس سلسلے میں ایک میٹنگ ساگر ہوٹل کے سامنے منعقد ہوئی۔ یہ لوگ اس وقت گنگاپور-ڈنڈوری-چاندشی کے ایک ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں‘‘۔ہفتہ کے روز مذکورہ خط کے بارے میں پوچھے جانے پر بھجبل نے چیلنج بھرے لہجے میں کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے وہ اپنا عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہیں گزشتہ چند مہینوں میں چار سے پانچ مرتبہ دھمکی آمیز خطوط، پیغامات اور فون کالز موصول ہوئے ہیں اور انہوں نے سٹی پولیس کو اس کی اطلاع دی تھی۔