چنئی، 10 فروری (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ٹیموں نے دیوالی 2022 کے موقع پر تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں ہوئے کار بم دھماکہ کیس کے سلسلے میں ہفتہ کو ریاست کے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔
این آئی اے ذرائع نے بتایا کہ کوئمبٹور، چنئی، مدورائی، تریچی اور ترونیل ویلی میں تقریباً 20 مقامات پر متعدد ٹیموں کے ذریعہ بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ یہ چھاپے ان لوگوں کے ٹھکانوں پر مارے گئے جن پر شبہ ہے کہ وہ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس) یا اس کے حامیوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ صرف کوئمبٹور شہر میں 10 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن میں حکمران دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے کارکن کے بیٹے کی رہائش گاہ بھی شامل ہے۔
این آئی اے کی ٹیم نے مدورائی میں وحدت اسلامی ہند کے ایک عہدیدار کے گھر کی تلاشی لی جبکہ تریچی میں اشرف علی (جو شہر میں بجلی کی دکان چلاتے ہیں) کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ دھماکہ 22 اکتوبر 2022 کو کوئمبٹور کے حساس اُکڈم علاقے کے قریب ارولمیگو کوٹائی سنگامیشور مندر کے سامنے گیس سلنڈروں اور دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار میں ہوا تھا۔
آئی ایس سے متاثر خودکش بمبار جمیشہ مبین اس دھماکے میں مارا گیا تھا، جس کی تحقیقات کوئمبٹور سٹی پولیس سے این آئی اے نے اپنے ہاتھ میں لے لی تھی۔
دھماکے کے الزام میں مجموعی طور پر 15 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کا بعد میں دہشت گردی کی کارروائیوں سے تعلق کا انکشاف کیاگیاتھا۔