نئی دہلی (یو این آئی) انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے آپریشن کے لئے آج بھوپیندر سنگھ باجوہ کی صدارت میں تین رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی ہے۔آئی اواے نے آج ڈبلیو ایف آئی کے کام کاج کے لئے ہندوستانی ووشو فیڈریشن کے صدر بھوپندر سنگھ باجوہ کوایڈہاک کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے، جس میں سابق ہاکی اولمپیئن ایم ایم سومایا اور سابق بین الاقوامی بیڈمنٹن کھلاڑی منجوشا کنور اس کے ممبر ہیں۔
ایڈہاک کمیٹی ڈبلیو ایف آئی کے کام کاج کی دیکھ بھال کرے گی۔ ایڈہاک کمیٹی کھلاڑیوں کا انتخاب، بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کی انٹریز جمع کروانے، کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد، بینک اکاؤنٹس کا آپریشن، ویب سائٹ کا انتظام اور دیگر متعلقہ ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ باجوہ ڈبلیو ایف آئی کے معاملات چلانے اور اس کے انتخابات کرانے کے لیے اپریل میں آئی او اے کی طرف سے تشکیل دی گئی ایڈہاک کمیٹی کے ارکان میں شامل تھے۔
قابل ذکر ہے کہ 21 دسمبر کو انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے انتخابات ہوئے تھے اور برج بھوشن کے قریبی ساتھی سنجے نے صدر کے عہدے کے لیے انتخاب جیت لیا تھا۔ اس کے بعد ریسلر ساکشی ملک نے جہاں ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا وہیں بجرنگ پونیا نے اپنا پدم شری ایوارڈ بھی واپس کر دیا تھا۔ نومنتخب صدر اور ڈبلیو ایف آئی کے عہدیداروں نے اپنے ہی آئینی التزامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من مانی فیصلے کیے اور گڈ گورننس کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی۔ اس کے پیش نظر وزارت کھیل نے ریسلنگ فیڈریشن کی نئی باڈی کو معطل کرتے ہوئے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی اواے) ایڈہاک کمیٹی بنانے کی ہدایات دی تھیں۔