بیگوسرائے (یو این آئی۔ایجنسیاں) بہار کے بیگوسرائے ضلع کے بچھواڑہ تھانہ علاقے میں مجرموں نے ایک ہی خاندان کے تین افراد کا گلا کاٹ کر قتل اور ایک کو زخمی کر دیا۔پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ چرنجیوی پور گاؤں کے وارڈ نمبر 12 ٹھٹھہ رسد پور میں مجرموں نے جمعہ کی دیر رات سنجیون مہتو (40) اس کی بیوی سنجیتا دیوی اور بیٹی سپنا کماری (10) کا گلا کاٹ کر قتل اور بیٹے انکش کمار کو زخمی کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ زخمی انکش کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ یہ بڑا واقعہ آپسی رنجش کی وجہ سے مجرموں نے انجام دیا۔ اس واقعہ کو لے کر علاقے میں سنسنی پائی جاتی ہے۔ ایک ساتھ تین افراد کے قتل کو لے کر کئی طرح کے چرچے ہو رہے ہیں۔ موقع پر پہنچے بیگوسرائے کے ایس پی منیش نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایف ایس ایل ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو بلایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بارے میں اہل خانہ اور گاؤں والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے کہ قتل کے بعد مجرموں نے چہرے کو جلانے کے لیے تیزاب ڈالا ہے۔ اگرچہ سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ متوفی نے دو شادیاں کی تھیں۔ ان کی پہلی بیوی سے ایک بیٹا بھی ہے۔ اس نے اپنی پہلی بیوی کو گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیسے نہیں دیے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قتل کی وجہ یہی ہو سکتی ہے لیکن پولیس ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے۔