نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مدھیہ پردیش کے بھوپال میں تعینات بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے پرنسپل جنرل منیجر (پی جی ایم) اور ایک ایس ڈی ای کو رشوت کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ سی بی آئی نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ سی بی آئی نے کہا کہ شکایت کنندہ سے ناجائز رشوت مانگنے کے الزامات کی بنیاد پر ایس ڈی ای راکیش یادو اور پرنسپل جنرل منیجر مہندر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔یہ الزام لگایا گیا تھا کہ پی جی ایم کے ذریعہ شکایت کنندہ کو محکمانہ تادیبی کارروائی کے لئے ایک تادیبی کارروائی کا خط جاری کیا گیا تھا اور اس معاملے میں مزید کارروائی زیر التوا تھی۔ سی بی آئی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایس ڈی ای نے شکایت کنندہ سے 40,000 روپے کی رشوت طلب کی اور اسے بتایا کہ بی ایس این ایل کے پی جی ایم نے اس کے حق میں زیر التواء تادیبی کارروائی کو طے کرنے کے لیے مذکورہ رشوت طلب کی تھی۔یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ایس ڈی ای نے شکایت کنندہ سے کہا کہ اگر اس نے مانگی ہوئی رشوت ادا نہیں کی تو پی جی ایم اس کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔
ایس ڈی ای نے شکایت کنندہ کو مبینہ طور پر مطلع کیا کہ کل 40 ہزار روپے کی رشوت میں سے پی جی ایم نے ابتدائی طور پر 15 ہزار روپے کی ادائیگی کا کہا تھا اور باقی رقم بعد میں ادا کی جا سکتی ہے۔اس کے بعد سی بی آئی نے جال بچھا کر پی جی ایم کو شکایت کنندہ سے 15000 روپے کی مبینہ رشوت لیتے ہوئے پکڑ لیا۔بیان کے مطابق بھوپال میں پی جی ایم کے احاطے میں تلاشی لی گئی جس میں 8 لاکھ روپے نقد، 240.5 گرام سونا اور 1915 گرام چاندی کی اشیاء اور مجرمانہ دستاویزات برآمد کی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ بعد میں ایس ڈی ای کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ڈی ای کے احاطے میں تلاشی کے دوران مجرمانہ دستاویزات اور لاکر کی چابیاں برآمد کی گئیں۔