دہرادون (یو این آئی) اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں زیر تعمیر ساڑھے چار کلومیٹر لمبی سرنگ میں اتوار کی صبح مٹی کے تودے گرنے سے چالیس مزدور ملبے میں پھنس گئے۔ مختلف ریاستوں میں رہنے والے ان مزدوروں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے امدادی کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ مزدوروں کو سانس لینے کے قابل بنانے کے لیے سرنگ کے اندر پانی کی پائپ لائنوں کے ذریعے آکسیجن کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔اترکاشی کے ضلع افسر ابھیشیک روہیلا نے آج شام کہا کہ سلکیارہ میں زیر تعمیر سرنگ کے اندر پھنسے مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے راحت اور بچاؤ کارروائیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ پانی کے لیے بچھائے گئے پائپوں کے ذریعے پھنسے ہوئے مزدوروں کو آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔ ٹنل سے ملبہ ہٹانے اور پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے راستہ بنانے کا کام بھی جنگی پیمانہ پر جاری ہے۔
VIDEO | Several labourers feared being trapped after an under-construction tunnel collapsed in Uttarakhand's Uttarkashi. Rescue operations are underway. pic.twitter.com/uHNsLzE4qP
— Press Trust of India (@PTI_News) November 12, 2023
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی پہلی ترجیح ٹنل کے اندر پھنسے مزدوروں کو بحفاظت نکالنا ہے۔ اس کے لیے راحت اور بچاؤ کا کام جنگی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن مختلف ریلیف اور ریسکیو ایجنسیوں اور ٹیکنیکل تنظیموں اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
موقع پر موجود مسٹر روہیلا کے ساتھ مختلف عہدیدار بھی موجود ہیں۔ جدید مشینوں سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ نے تمام چالیس مزدوروں کے نام اور پتے کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔ جس میں کئی ریاستوں کے مزدور شامل ہیں۔
دریں اثنا، ضلع مجسٹریٹ نے ضلع کے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ کام کی جگہوں پر رپورٹ کریں اور راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے چوبیسوں گھنٹے تیار رہیں۔