آئزول، 7 نومبر ( یو این آئی ) شمال مشرقی ریاست میزورم میں 40 رکنی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور لوگ اپنے جمہوری حقوق کے استعمال کے لیے مقررہ وقت سے پہلے ہی کئی پولنگ اسٹیشنوں پر قطار میں کھڑے ہوگئے۔ ووٹنگ باضابطہ طور پر شام 4 بجے ختم ہو جائے گی۔ہندوستان کی دوسری سب سے کم آبادی والی اور پانچویں سب سے چھوٹی ریاست کے 1,276 پولنگ اسٹیشنوں پر 4,39,026 خواتین سمیت 8,56,868 ووٹرز 170 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
حکمران میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف)، زورم پیپلز موومنٹ (زیڈ پ ایم) اور کانگریس تمام اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں، جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 23 سیٹوں پر اور عام آدمی پارٹی (آپ) چار سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ وہیں 27 آزاد امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
ان میں سے چار امیدوار دو دو اسمبلی سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ہائی ٹیک اقدامات کے ساتھ کثیر سطحی حفاظتی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں۔
ریاستی پولیس کے 3,000 اہلکاروں کے علاوہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے 450 یونٹس کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے 21 جنرل مشاہدین، 14 اخراجاتی مشاہد اور 11 پولیس مشاہد تعینات کیے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں خاص طور سے بین الاقوامی اور بین الاقوامی سرحدی علاقوں میں 29 حساس پولنگ اسٹیشن اور ایک انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ 769 (60 فیصد) پولنگ اسٹیشنوں پر ویب کاسٹنگ کی جا رہی ہے۔