نوئیڈا(ایجنسیاں):اترپردیش کے نوئیڈا میں ایک سوسائٹی کی دیوار گرنے سے چار لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق یہ معاملہ نوئیڈا سیکٹر 21 کی جل وایو وہار سوسائٹی کا ہے۔ خبروں کے مطابق سوسائٹی کی باؤنڈری وال سے ملحقہ نالے کی مرمت کا کام جاری تھا۔ اس دوران دیوار گر گئی جس سے وہاں کام کرنے والے مزدور دب گئے۔ گوتم بدھ نگر ضلع مجسٹریٹ سوہاس ایل وائی نے بتایا کہ دیوار گرنے سے چار لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ نوئیڈا اتھارٹی نے سیکٹر 21 میں جل وایو وہار کے قریب نکاسی آب کی مرمت کا ٹھیکہ دیا تھا۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ مزدور کام کے دوران اینٹیں نکال رہے تھے جس کی وجہ سے دیوار گر گئی۔ اس کی جانچ کی جائے گی۔ ضلع اسپتال میں دو اور کیلاش اسپتال میں دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
فی الحال موقع پر امدادی کام جاری ہے۔ مزید کچھ لوگوں کے ملبہ میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے علاج کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق نوئیڈا کے کمشنر آلوک سنگھ نے بتایا کہ چار لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور نو لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر بچاؤ کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی جائے گی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملک بھر میں بی جے پی کے میئروں سے بات کرتے ہوئے عمارتوں کے گرنے اور آگ لگنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا’ شہروں میں پرانی عمارتوں کے گرنے اور عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات تشویشناک ہیں۔ اگر قوانین پر عمل کیا جائے تو انہیں روکا جا سکتا ہے’۔