نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف ریسلرز کا احتجاج دہلی کے جنتر منتر پر جاری رہے گا۔ اسی درمیان ریسلر بجرنگ پونیا نے کہا کہ جب تک انہیں جیل نہیں بھیجا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ خواتین ریسلرز کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریسلرز کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ حالانکہ آج دہلی پولیس نے سپریم کورٹ میں کہا کہ وہ بھوشن کے خلاف ایف آئی آر درج کرے گی، لیکن اس کے بعد بھی پہلوانوں نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی ایم پی کو تمام عہدوں سے ہٹا دیا جانا چاہیے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک نے جنتر منتر پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’یہ جیت کی طرف پہلا قدم ہے لیکن ہمارا احتجاج جاری رہے گا‘‘۔خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ دہلی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے میں چھ دن لگے اوروہ تفتیشی ایجنسی پر اعتماد نہیں کرتی۔عالمی چیمپئن شپ میڈلسٹ ونیش نے کہا، “پولیس کمزور ایف آئی آر درج کر سکتی ہے۔ ہم دیکھیں گے اور پھر فیصلہ کریں گے۔ انہیں (برج بھوشن) جیل میں ہونا چاہئے اور تمام عہدوں سے ہٹا دینا چاہئے، ورنہ وہ تحقیقات کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔