ممبئی(یو این آئی) بھوجپوری سنیماکے مشہور اداکار یش کمار کی نئی فلم محمود میاں کی گائے کی شوٹنگ شروع ہو گئی ہے۔شانتی موشن پکچرز کی طرف سے پیش کی جانے والی فلم محمود میاں کی گائے میں یش کمار محمود کے کردار میں نظر آئیں گے۔یش کمار نے کہا کہ محمود میاں کے گائے ایک تفریح سے بھر پور فلم ہونے والی ہے۔ ہم سب اس کے لیے بہت پرجوش ہیں اور ہم اس فلم میں اپنا سو فیصد دے رہے ہیں۔ ہماری فلم کا ٹائٹل کہانی کے مطابق ہی لیا گیا ہے، ابھی فلم کی کہانی بتا نہیں سکتالیکن یہ ضرور کہوں گا کہ جب یہ فلم ریلیز ہوگی تو بہت زیادہ تفریح دینے والی ہے۔
یش کمار نے کہا کہ مجھے مختلف موضوعات پر فلمیں بنانے میں مزہ آتا ہے، میرا ماننا ہے کہ تفریح کے ساتھ ساتھ سینما کی اہمیت کو بھی لے کر چلنا چاہیے جو آپ کو ہماری تمام فلموں میں نظر آئے گا۔ فلم میں ایکشن بھی ہوگا، جذبات بھی ہوں گے اور کشش بھی ہوگی۔
فلم محمود میاں کی گائے کو یش کمار، وید تیواری، منیش جین اور اشوک پانڈے نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس فلم کے ہدایت کار اجے کمار سنگھ ہیں۔ فلم میں یش کمار کے ساتھ زویہ خان، انوپ خان، دھام ورما، ودیا سنگھ، سنگیتا رائے، پریم دوبے، اجے سوریاونشی اور سچن سریواستو اہم کردار ادا کریں گے۔