نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 105 ویں یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر پورا ملک انہیں یاد کر رہا ہے۔ یو پی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے شکتی استھل پہنچے اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کی یوم پیدائش کے موقع پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔شکتی استھل پر اس دوران راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا، کانگریس لیڈر پون بنسل، دہلی پردیش کانگریس کے صدر چوہدری انل کمار سمیت کئی اہم لوگ موجود تھے۔
اس کے علاوہ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت سمیت پارٹی کے کئی دیگر لیڈران نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
وہیں، راہل گاندھی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران اپنی دادی اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو خراج تحسین پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اندرا پریہ درشنی گاندھی کی پیدائش 19 نومبر 1917 کو سیاسی طور پر بااثر نہرو خاندان میں ہوئی تھی۔ ان کے والد جواہر لال نہرو اور والدہ کملا نہرو تھیں۔ اندراگاندھی کو ان کی ’گاندھی‘ عرفیت فیروزگاندھی سے شادی کے بعد ملی تھی۔ وہ 1966 سے 1977 تک مسلسل تین بار ملک کی وزیر اعظم رہیں اور پھر چوتھی مدت کارمیں 1980 سے 1984 میں ان کے سیاسی قتل تک وہ ملک کی وزیر اعظم تھیں۔ وہ ملک کی پہلی اور واحد خاتون وزیراعظم تھیں۔
دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا اور رانی لکشمی بائی کے اہم تعاون پر انہیں یادکیا۔
Tributes to our former PM Mrs. Indira Gandhi Ji on her birth anniversary.
— Narendra Modi (@narendramodi) November 19, 2022
مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا، "ہماری سابق وزیر اعظم محترمہ اندرا گاندھی جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔”
ایک اور ٹویٹ میں، وزیر اعظم نے لکھا، "رانی لکشمی بائی کو ان کے یوم پیدائش پر یاد کررہاہوں۔ ہمارے ملک کے لیے ان کی ہمت اور اہم شراکت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف اپنی ثابت قدمی کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔”
مسٹر مودی نے اسی دن لکشمی بائی کے یوم پیدائش منانے کے لیے گزشتہ سال اپنے جھانسی کے دورے کی تصاویر بھی شیئر کیں۔