واشنگٹن(ایجنسیاں): امریکہ کے ایل وال مارٹ اسٹور میں فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں امریکی پولیس نے کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ منگل کی رات گئے ورجینیا کے ایک علاقے چیسپیک میں پیش آیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دس مرنے والوں کے علاوہ کئی زخمی بھی ہو گئے ہیں جبکہ فائرنگ کرنے والا شخص خود بھی ہلاک ہو گیا ہے۔پولیس کے مطابق رات دس بجکر بارہ منٹ پر اطلاع ملی کہ ایک وال مارٹ کے اندر فائرنگ کر دی گئی ہے۔ جس میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔تاہم پولیس حکام کے مطابق یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ فائرنگ کرنے والے کس کی گولی سے ہلاک ہوا ہے۔ البتہ یہ تصدیق کی گئی ہے کہ پولیس پر کوئی فائر نہیں کیا گیا ہے۔وال مارٹ اور سٹی پولیس نے اس سے زیادہ کوئی بات کرنے سے فی الحال انکار کر دیا ہے کہ ابھی تفتیش جاری ہے۔