نئی دہلی (پریس ریلیز)اڈیشہ کے بالاسور میں پیش آئے بھیانک ٹرین حادثہ پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بیحد دکھ بھرا حادثہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ اکیسویں صدی کے بھارت کا سب سے بڑا ریل حادثہ ہے جس میں تقریبا تین سو سے زیادہ لوگوں کی ہلاکت ہوچکی ہے ۔ رنج وغم اور دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردی ان تمام لوگوں کے ساتھ ہے جن کے رشتہ داروں اور اہل خانہ کی اس میں موت ہوگئی ہے یا وہ زخمی ہیں ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ حکومت ہند کو چاہیے کہ وہ بڑی تعداد میں مہلوکین کیلئے معاوضہ کا اعلان کرے اور زخمیوں کیلئے فوری علاج کو یقینی بنایا جائے ، اس پورے معاملہ کی جانچ ضروری ہے کہ کیسے اور کس طرح اتنا بڑا حادثہ پیش آگیا ۔ ٹرین انتظامیہ سے کہاں چوک ہوئی اور آئندہ کس طرح ایسے حادثات پر قابو پایاجاسکتاہے تاکہ آئندہ ہمارے دیش کو اس طرح کے ٹرین حادثہ کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
واضح رہے کہ ہاﺅڑہ سے چننئی جانے والی ٹرین کرومنڈل ایکسپریس جمعہ کو شام سات بجے اڈیشہ کے بالاسور میں مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، اس کے بعد دوسری طرف سے آنی والی ٹرین یشونت سپڑ فاسٹ ٹرین سے بھی ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں بہت بڑی تباہی ہوگئی ۔ اب تک تقریبا300 مسافروں کی ہلاکت ہوچکی ہے اورایک ہزار سے زیادہ مسافرزخمی ہیں ۔