نئی دہلی (یو این آئی) قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے تلنگانہ پولیس کی جانب سے وقار آباد ضلع کے لگچارلا گاؤں کے باشندوں کو ہراساں کرنے اور جسمانی طور پر استحصال کرنے اور انہیں جھوٹے مجرمانہ الزامات میں پھنسانے کی شکایت پر ریاستی حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔
جمعرات کو کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، اس نے تلنگانہ کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر اس معاملے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کمیشن نے فوری طور پر اپنے قانون اور تفتیشی افسران کی ایک مشترکہ ٹیم کو موقع پر بھیج کر معاملے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک ہفتہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔
پولیس نے مبینہ طور پر یہ من مانی اس وقت کی جب گاؤں والوں نے مناسب طریقہ کار پر عمل کیے بغیر مجوزہ "فارما ولیج” کے لیے ریاست کی اراضی کے حصول کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پولیس کے ان مبینہ مظالم کا شکار ہونے والوں کا تعلق درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ برادریوں سے ہے۔ ان میں کم از کم 12 متاثرین نے شکایت اور کمیشن سے ملاقات کرکے معاملے میں انہیں بھوک سے بچانے کے لیے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔
یہ بھی شکایت ہے کہ 11 نومبر کو ضلع کلکٹر دیگر عہدیداروں کے ساتھ مجوزہ فارما پروجیکٹ کے لیے زمین کے جبری حصول کا اعلان کرنے کے لئے لگچرلا گاؤں پہنچے۔ اسی شام مبینہ طور پر کچھ مقامی سماج دشمن عناصر کے ساتھ ، سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے گاؤں پر چھاپہ مارا اور احتجاج کرنے والے گاؤں والوں پر حملہ کیا۔ انہوں نے حاملہ عورتوں کو بھی نہیں بخشا۔ اس دوران مبینہ طور پر وہاں انٹرنیٹ خدمات اور بجلی کی سپلائی بھی بند کر دی گئی تھی۔
یہ بھی الزام ہے کہ پولیس نے خواتین سمیت دیہاتیوں کے خلاف جھوٹی شکایات پر ایف آئی آر درج کی، جس سے کچھ متاثرین کو خوف کی وجہ سے اپنا گھر چھوڑنے اورخوراک، طبی امداد، بنیادی سہولیات وغیرہ کے بغیر جنگلوں اور کھیتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا۔
بتایا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت نے ایک جدید ترین فارما سٹی بنانے کے لئے سابقہ حکومت کی طرف سے پہلے ہی حاصل کردہ عالی شان 16000 ایکڑ اراضی ہونے کے باوجود یکطرفہ طورپر کوڈنگل حلقہ میں ایک فارما گاؤں تیار کرنے کے لئے 1374 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس اراضی کو اب بغیر کسی پیشگی اطلاع کے زبردستی حاصل کیا جا رہا ہے، وہ زرخیز زرعی زمین ہے، جو نسلوں سے ایس سی/ایس ٹی اور او بی سی زمروں سے تعلق رکھنے والے افراد کے قبضے میں ہے۔