سری نگر(یو این آئی) انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے منگل کو جنوبی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کواٹر اننت ناگ میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس اور دیگر سلامتی اداروں سے وابستہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید اقبال ، ایس ایس پی اننت ناگ ڈاکٹر جی وی سندیپ ، ایس پی ہیڈ کواٹر سجاد احمد، اے ایس پی اننت ناگ غلام حسن اور دوسرے سینئر آفیسران موجود رہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور امن و امان کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کی خاطر نئی حکمت عملی طے کی گئی۔
آئی جی کشمیر نے میٹنگ میں شریک سبھی آفیسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وہ مستعد رہیں۔
ٓاس سے قبل آئی جی کشمیر نے پولیس آفیسران کے لئے این ڈی پی ایس ایکٹ کی تحقیقات پر جاری تربیتی ورکشاپ کا بھی معائنہ کیا۔ورکشاپ میں تفتیشی تکنیک کو بہتر بنانے ، شواہد جمع کرنے اور مجرموں کے خلاف موثر قانونی کارروائی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔آئی جی کشمیر نے منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر این ڈی پی ایس سے متعلق کیسوں سے نمٹنے کے لئے مکمل تفتیش اور پیشہ وارانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔