ممبئی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): بالی ووڈ کے لیجنڈری مرحوم اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی جانب سے تجربہ کار اداکار دلیپ کمار کی 100ویں برسی کے موقع پر 2 روزہ فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس فلم فیسٹیول میں دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھی شرکت کی جوکہ اپنے مرحوم شوہر کو یاد کرکے جذباتی ہوگئیں۔انٹرنیٹ پر سائرہ بانو کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں سائرہ بانو کو تقریب کے دوران نوجوان نظر آنے والے دلیپ کمار کا پوسٹر دیکھ کر اپنے آنسو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے اور ان کے ہمراہ شرکت کرنے والی دیگر مشہور شخصیات، فریدہ جلال، امیت کمار اور دیگر کو اُنہیں تسلی دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس فلم فیسٹیول میں دلیپ کمار کی سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنے والی فلموں ’آن‘، ’شکتی‘ اور ’دیوداس‘ کو ایک بار پھر سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔اس حوالے سے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فیسٹیول ’بھارتی سنیما کے عظیم اداکاروں میں سے ایک کو بڑی اسکرین پر دوبارہ دیکھنے کے لیے ایک ناقابلِ یقین موقع ہو گا۔
اس موقع پر دلیپ کمار کی ان تینوں فلموں کو 20 شہروں کے 30 سے زائد سنیما ہالز میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار گزشتہ برس جولائی میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ سائرہ بانو کو چھوڑا تھا جو ان کے انتقال کے بعد بیمار رہنے لگی تھیں۔شوہر کے انتقال کے کچھ ماہ بعد ہی طبیعت ناساز ہونے پر سائرہ بانو کو اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، تاہم اب ان کی طبیعت بہتر ہے اور وہ اپنے گھر پر موجود ہیں۔