کابینہ کی آج ہوئی میٹنگ کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ ہرش سانگھوی نے اس بابت کمیٹی تشکیل دینے کی بات کہی
نئی دہلی/احمدآباد(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):گجرات اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان کبھی بھی ہو سکتا ہے۔ اس درمیان بی جے پی نے انتخاب میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے مقصد سے ایک بڑی پیش قدمی کی ہے۔ قومی آواز ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق گجرات کابینہ کی آج ہوئی میٹنگ کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ ہرش سانگھوی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ترغیب لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے کابینہ میٹنگ میں تاریخی فیصلہ لیا ہے۔ ریاست میں اب یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ اسی ماہ کے شروع میں مرکزی حکومت نے بھی یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کو لے کر سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا تھا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ کو یکساں سول کوڈ پر کوئی قانون بنانے یا اسے نافذ کرنے کی ہدایت نہیں دے سکتا ہے۔ سینئر وکیل اشونی اپادھیائے کی طرف سے ایک عرضی داخل کی تھی جس میں جانشینی، وراثت، گود لینے، شادی، طلاق، رکھ رکھاؤ اور گزارہ بھتہ کو ریگولیٹ کرنے والے نجی قوانین میں یکسانیت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مرکزی حکومت نے اسی عرضی کے جواب میں حلف نامہ داخل کیا تھا۔
یونیفارم سول کوڈ یعنی یکساں سول کوڈ کا مطلب الگ الگ مذاہب کی کتابوں اور رسوم و رواج پر مبنی پرسنل لاء کی جگہ ملک میں ہر ایک شہریوں پر نافذ ہونے والا یکساں شہری قانون ہے۔ اگر عام زبان میں اس قانون کو سمجھیں تو یونیفارم یکساں سول کوڈ کا سیدھا مطلب ہے ملک کے ہر شہری کے لیے ایک جیسا قانون۔ چاہے وہ کسی مذہب یا ذات سے متعلق ہی کیوں نہ ہو۔ واضح رہے کہ ملک میں الگ الگ مذاہب کے لیے الگ الگ پرسنل لاء موجود ہے۔ اس کو لے کر اکثر آوازیں اٹھتی رہتی ہیں۔