دوسرے دن ڈراما ’بدذات ‘کو ناظرین نے خوب پسند کیا
نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):محکمہ فن،ثقافت والسنہ خطہ قومی راجدھانی، حکومت دہلی، اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام سری رام سینٹر صفدر ہاشمی مارگ منڈی ہاؤس نئی دہلی میں32 واں چھ روزہ اردو ڈراما فیسٹیول جاری ہے، پہلے دن کی طرح آج بھی ناظرین کی بڑی تعدادڈراما دیکھنے کے لیے پہنچی اور ڈرامے کو پسند کیا۔ یہ جانکاری اردو اکادمی دہلی کی جانب سے جاری ریلیز میں دی گئی ہے۔ ڈراما فیسٹیول کے دوسرے دن ’’کریٹیو اڈا ‘‘ گروپ نے جناب جاوید سمیرکی ہدایت میں انتون چیخوف کے ڈرامے’’ دی بروٹ’’ پر مبنی ’’بدذات‘‘ڈراما پیش کیا جومحترمہ بلقیس ظفیرالحسن کا تحریر کردہ ہے۔ڈراما کا بنیادی موضوع سود ہے، اس میں نفرت کو محبت میں بدلنے کا منظر بہت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے،ڈرامے کا اختتام جس پر کشش انداز میں ہوا اس کو ناظرین نے خوب سراہا۔
ڈرامے میںنادر چنگیزی کا مرکزی کردار فہد خان اور مسز خان کا کردار پریرنا راوت نے بہت خوبصورتی سے ادا کیا، اس کے علاوہ کلو، دیپک، آصف خان، فرقان علی، شیوانی اپادھیائے، احد خان، مدھو ککڑ اور وشنو وغیرہ نے اس انداز سے کردار نگاری کے جوہر دکھائے کہ ناظرین نے خوب داد دی۔
ڈرامے کے اختتام پر اردو اکادمی ،دہلی کے سینئر اکائونٹس آفیسر کلبھوشن اروڑانے ڈراما بدذات کے ہدایت کار جناب جاوید سمیر اور ڈراما نگار محترمہ بلقیس ظفیرالحسن کو گلدستہ پیش کرکے خیرمقدم کیا ۔ہدایت کار جاوید سمیر نے اردو اکادمی کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کا سلسلہ بدستور جاری رہے ،اس طرح کے پروگرام زبان و ادب اور تہذیب و ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جاوید سمیر نے اداکاروں کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ ان کے تعاون سے ہی ہم کامیابی سے ڈراما اسٹیج پر پیش کر پاتے ہیں،کچھ کردار تو سامنے ہوتے ہیں اور کچھ پردہ کے پیچھے ہوتے ہیں ،ان کا بھی ڈرامے کی کامیابی میں اہم رول ہوتا ہے۔ ان میں یوگیش اور پروڈکشن انچارج احد خان ہیں۔ اس موقع پر ڈراما بدذات کی تخلیق کار محتر مہ بلقیس ظفیرالحسن نے اردو اکادمی دہلی، حکومت دہلی اور ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکادمی دہلی ڈرامے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔پردہ اٹھنے سے قبل اطہر سعید نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کریٹیو اڈا ، ڈراما ،ڈراما نگار اور ہدایت کار کا تعارف کرایا اور اداکاروں کو ڈراما پیش کرنے کی دعوت دی۔ڈرامے کی پیش کش کو کامیاب بنانے میں اردو اکادمی دہلی کے کارکنان کا اہم کردار رہا۔واضح رہے کہ 32واں اردو ڈراما فیسٹیول 6مارچ تک جاری رہے گا ۔