نئی دہلی:سوڈان میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کے لیے جاری آپریشن کاویری کے تحت آج ہندوستانیوں کا پہلا قافلہ وطن پہنچ گیا۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ٹویٹر پر یہ اطلاع دی۔انہوں نے ان لوگوں کی تصویر شیئر کی ہے جو ہندوستان واپس آئے ہیں۔جے شنکر نے لکھا ہے، ’’ہندوستان اپنے لوگوں کی واپسی کا خیر مقدم کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا، "آپریشن کاویری کے تحت 360 ہندوستانی شہری گھر پہنچ چکے ہیں۔ پہلی پرواز نئی دہلی پہنچ گئی ہے۔”
یاد رہے کہ سوڈان میں پیرا ملٹری فورس ‘ریپڈ سپورٹ فورس’ اور وہاں کی فوج آمنے سامنے ہیں۔ اس لڑائی میں اب تک 400 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ یہ لڑائی 15 اپریل کو شروع ہوئی تھی۔
تنازعہ کے مرکز میں دو جرنیل ہیں، سوڈانی مسلح افواج کے سربراہ عبدالفتاح البرہان، اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے رہنما، محمد ہمدان دگالو، جنہیں ہمدتی بھی کہا جاتا ہے۔
ایک وقت میں دونوں نے ایک ساتھ کام کیا تھا اور ملک میں بغاوت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اب دونوں کے درمیان سوڈان میں غلبہ کے لیے لڑائی جاری ہے۔