حیدرآباد:بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے وزیراعلیٰ کے سی آر کو اُترپردیش کے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد سے زیادہ خطرناک قراردیا۔ سیاست نیوزکے مطابق بے روزگار نوجوانوں کی تائید میں محبوب نگر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ میں گینگسٹر نعیم اور اُتر پردیش میں عتیق احمد کی موت واقع ہوئی ہے لیکن چیف منسٹر کے سی آر عتیق احمد سے زیادہ خطرناک ہیں۔ عتیق احمد نے بندوق کے ذریعہ دہشت مچائی تھی لیکن وزیر اعلیٰ کے سی آر دھرانی پورٹل کے ذریعہ غریبوں کو ہراساں کررہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے ریمارک کیا کہ کے سی آر تمام گینگسٹرس کے گینگسٹر ہیں۔ بنڈی سنجے نے ٹوئیٹر پر اپنی تقریر کو پوسٹ کرتے ہوئے کے سی آر کا عتیق احمد سے تقابل کیا۔ انہوں نے لکھا کہ میاں پور اراضی گھپلا، انٹر میڈیٹ طلبہ کی خودکشی اور ڈرگس گھوٹالہ کی جانچ کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی لیکن کسی بھی معاملہ میں رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ ایس ایس سی اور پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں بی جے پی نے حکومت کے خلاف جدوجہد کو تیز کردیا ہے۔ ایس ایس سی پرچہ جات افشاء معاملہ میں پولیس نے بی جے پی صدر بنڈی سنجے کو گرفتار کرکے عدالت بھیج دیا تھا۔ افشاء شدہ پرچہ جات کسی نے بنڈی سنجے کو واٹس ایپ پر روانہ کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ جات کے افشاء معاملہ کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرائی جائیں۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ بی جے پی مقدمات اور جیل سے خوفزدہ نہیں ہوگی اور بیروزگار نوجوانوں کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔