مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اورمیزورم کے الیکشن کا شیڈول جاری
نئی دہلی (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے پیر کو مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا، جس میں چھتیس گڑھ میں دو مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دیگر چار ریاستوں میں ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے اور سبھی ریاستوں کے نتائج 3 دسمبر کو آئیں گے۔
انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ میزورم میں 7 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی 7 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چھتیس گڑھ کے دوسرے مرحلے کے انتخابات 17 نومبر کو ہوں گے۔ راجستھان میں 23 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جب کہ تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں کل 16.14 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں 8.2 کروڑ مرد ووٹر اور 7.8 کروڑ خواتین ووٹر شامل ہیں۔ اس بار 60.2 لاکھ نئے ووٹر پہلی بار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 30 نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ انتخابی نوٹیفکیشن 3 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے علاوہ میزورم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان کی ریاستوں کے لیے بھی شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔مرکزی الیکشن کمیشن کی ٹیم نے حال ہی میں تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔کمیشن کی ٹیم نے سیاسی جماعتوں، مختلف محکموں اور اداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیاتھا۔ تلنگانہ میں انتخابی اعلامیہ 3نومبر کو جاری کیاجائے گا۔3نومبر سے ہی پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔10نومبر تک پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔13نومبرکو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔15نومبر کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔30نومبرکو رائے دہی ہوگی اور 3دسمبرکو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ ریاست میں 35,356 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ اس میں سے 14,464 مراکز شہری علاقوں میں اور 20,892 دیہی علاقوں میں ہوں گے۔ ہر پولنگ سٹیشن میں اوسطاً 897 رائے دہندے ہیں۔ ویب کاسٹنگ کے انتظامات 27,798 مراکز (78 فیصد) میں کیے گئے ہیں۔ 597 پولنگ مراکز کا انتظام صرف خواتین کے لیے کیا جا رہا ہے، اسی طرح 644 ماڈل پولنگ سنٹرس اور معذور افراد کے لیے مزید 120 پولنگ سنٹرس بنائے جائیں گے۔ ریاست میں جملہ3.17 کروڑ افرادکو ووٹ دینے کا حق ہے۔ ان میں 1.58 کروڑ مرد اور 1.58 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8.11 لاکھ افرادپہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔
مجموعی طور پر پانچ ریاستوں میں 1,180 سے زیادہ انتخابی مشاہدین کا تقرر کیا جا رہا ہے، انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ان ریاستوں میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہو جائے گا۔