بستر(ایجنسیاں )چھتیس گڑھ کے بستر میں مشتبہ ماؤنوازوں نے بی جے پی کے ایک لیڈر کو قتل کر دیا۔ ذہن نشیں رہے کہ یہاں 19 اپریل کو لوک سبھا انتخابات کے لیے ووٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ ایک دن قبل یعنی منگل کو ہی سیکورٹی فورسز نے کانکیر میں ایک انکاؤنٹر میں 29 ماؤنوازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ماؤنوازوں نے رات دیر گئے نارائن پور کے فراسگاؤں کے رہنے والے پنچم داس مانک پوری کے گھر پر حملہ کیا اور دروازہ توڑ کر گھر کے اندر گھس گئے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ماؤنوازوں نے پنچم داس مانک پوری کو کلہاڑی کے وار سے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
مشتبہ ماؤنوازوں نے موقع پر پرچے بھی پھینکے، جس میں الزام لگایا گیا کہ پنچم داس کو پیپلز لبریشن گوریلا آرمی نے مارا کیونکہ وہ (مانک پوری )پولیس کے خفیہ سپاہی کے طور پر کام کر رہا تھا۔
ذہن نشٰیں رہے کہ بستر میں، بھارتیہ جنتا پارٹی کے آٹھ رہنماؤں کو گزشتہ ایک سال میں ماؤنوازوں نے قتل کر دیا ہے۔ ماؤنوازوں کے حملوں میں عام طور پر انتخابات کے وقت اضافہ ہوتا ہے۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران، بی جے پی ایم ایل اے بھیما مانڈوی اور ان کے ساتھیوں کا، جو بستر میں انتخابی مہم کے لیے گئے تھے، مشتبہ ماؤنوازوں نے قتل کر دیا تھا۔












