جموئی (یواین آئی)سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادونے کہا ہے کہ مہاگٹھ بندھن کی انتخابی ریلیوں میں عوام کا بے پناہ جوش و خروش اس بات کی علامت ہے کہ بہار ایک بڑی تبدیلی کے لیے تیار ہے۔جموئی میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ جب حکومت بدلے گی تبھی بہار بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہارعظیم انسانوں کی سرزمین ہے ، اسی سرزمین پر مہاتما بدھ اور بھگوان مہاویرنے انسانیت کا درس دیا تھا ۔یہ جن نائک کرپوری ٹھاکر اور لالو پرساد یادوکی سرزمین ہے، جنہوں نے سماجی انصاف کا پیغام پورے ملک کو دیا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ اجودھیا کے سینیئر سماجوادی لیڈراور رکن پارلیمنٹ اودھیش پرسادبھی موجود تھے۔ اودھیش پرساد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے ہی بی جے پی کو اس کی سب سے اہم اور مذہبی طور پر انتہائی حساس نشست، اجودھیا میں شکست دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی نے بی جے پی کو شکست دی اور اب بہار کی باری ہے کہ وہ بی جے پی کے رتھ کو روک دے۔اکھلیش یادو نےبہار میں این ڈی اے کے گزشتہ 20 سالہ دور حکومت اور مرکز میں وزیراعظم نریندر مودی کے 11 سالہ دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان برسوں کو ملا دیا جائے تو 31 سالوں کا حساب عوام کے سامنے رکھنا چاہئے۔
سماجوادی پارٹی کے لیڈر نے کہاکہ راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے لیڈر تیجسوی جب بہار میں روزگار دینے کی بات کرتے ہیں تو این ڈی اے کے لیڈران کا مزاق اڑاتے ہیں۔ اس سے متعلق انہوں نے مرکز کی این ڈی اے حکومت سے کہاکہ انہیں گذشتہ گیارہ سالوں میں نوجوانوں کو دیئے گئے روزگار کے اعداد شمار پیش کرنے چاہئیں ۔
مسٹر یادو نے کہاکہ بی جے پی حکومت الیکٹورل بانڈ کے نام پر چندہ لیتی ہے اور ملک میں سب سے زیادہ چندہ اسی پارٹی کو ملتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے کبھی نوٹ بندی کی تھی اور نوٹوں کے بنڈل بنائے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ’ بنڈل بنانے والی بنڈل باز حکومت‘ ہے ۔مسٹر اکھلیش نے میڈیا کے کردار پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کا قصور نہیں، ان کے مالک جو چاہیں گے وہی خبریں عوام تک پہنچائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادونے نائب وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے محدود اختیارات کے باوجود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا راستہ کھولا تھا اور اگر مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی تو ہر بے روزگار نوجوان کے لیے نوکری کا راستہ ہموار کیا جائے گا۔مسٹر یادو نے کہاکہ اتر پردیش میں آج کل ایک رنگ میں دکھنے والے وزیراعلیٰ ہیں ، جنہوں نے سماجوادی پارٹی کے طلباءکو لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ بند کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخاب کے وقت بہار پر سبھی کی نظر یں ہیں اور جب بی جے پی کو بہار میں شکست ملے گی تو آئندہ اتر پردیش کے اسمبلی انتخاب میں انہیں شکست دینے کی راہ ہموار ہوگی ۔مسٹر یادو نے کہاکہ بہا رمیں حکومت بدلنے کے بعد سماجی انصاف کے ساتھ لوگوں کی زندگیوں میں سدھار ہوگا، روزگار کے مواقع بنیں گے ، سی ایم جیویکا دیدیوں کو تیس ہزار اور دیگر خواتین کے کھاتوں میں ڈھائی ہزار ماہانہ ملنے لگیں گے ۔ کسانوں کو سستی کھاد ملے گی، خواتین کو سستے گیس سیلنڈر ملیں گے اور نظم ونسق میں بھی پہلے سے کافی بہتری آئے گی۔آخر میں اکھلیش یادو نے جموئی کے عوام سے اپیل کی کہ لالٹین کے نشان پر مہر لگا کر مہاگٹھ بندھن کو کامیاب بنائیں۔











