ہائی کورٹ میں موثر پیروی ، مسجد شاہ قلی بہادر تالہ گڈہ کی اراضی پر بلدیہ اور قابضین کی کوششیں ناکام،رٹ پٹیشن مسترد
حیدرآباد:تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے کروڑہاروپئے مالیت کی موقوفہ اراضی پر اپنا دعویٰ ثابت کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج وقف بورڈ کی مؤثر پیروی اور موقوفہ جائیداد ہونے کی نشاندہی کے بعد مذکورہ جائیداد پر دائر کی گئی رٹ درخواست کو مسترد کردیا ۔ سیاست نیوزکی اطلع کے مطابق صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ نے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کی نگرانی میں تشکیل دی گئی لیگل ٹیم کے ہمراہ مذکورہ مقدمہ میں کروڑہا روپئے مالیتی اس موقوفہ اراضی پر وقف بورڈ کی مداخلت نہ ہو اس کے لئے داخل کی گئی درخواست کو مسترد کروانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور مذکورہ اراضی وقف بورڈ کی ملکیت ہے جس پر وقف بورڈ کا قبضہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد شاہ قلی بہادر تاڑلہ گڈہ کاروان کے تحت موجود اس موقوفہ اراضی پر چند ماہ قبل مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ڈیوائیڈر تعمیر کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے صدرنشین وقف بورڈ کی ہدایت پر بورڈ کے عملہ نے ناکام بنادیا تھا ۔ گذشتہ دنوں اس اراضی پر قابضین نے اپنا ادعا پیش کرتے ہوئے اس میں وقف بورڈ کی مداخلت کو بیجا قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ ان کی اراضی ہے اور اس سلسلہ میں احکام کے حصول کے لئے وقف بورڈ کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی تھی جس کی سماعت کے دوران معزز جج نے شاہ قلی بہادر کے تحت موقوفہ اس اراضی پر وقف بورڈ کی مداخلت کو روکنے کے لئے داخل کی گئی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے وقف بورڈ کو حاصل اختیارات میں مداخلت سے انکار کردیا ۔چیف اکزیکیٹیو آفیسر جناب سید خواجہ معین الدین نے بتایا کہ وقف بورڈ کے شعبہ لیگل کو مکمل طور پر مفلوج ہوگیا تھااسے کارکرد و متحرک بنانے کے بعد عدالتو ںمیں کی جانے والی پیروی کامیاب ہورہی ہے جس کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔تلنگانہ ہائی کورٹ میں جاری سی ای او کے خلاف تحقیر عدالت کے مقدمہ جو کہ درگاہ حضرت جان پاک شہید ؒ سے متعلق ہے اس معاملہ میں عدالت نے تحقیر کے مقدمہ کو بند کرتے ہوئے تولیت کے دعویدار اور وقف بورڈ کے مابین جاری تنازعہ کے مقدمہ کی آئندہ سماعت 9جو ن کو مقرر کی ہے۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے شعبہ لیگل میں نئے اسٹینڈنگ کونسلس کی خدمات کے حصول اور انہیں مقدمات حوالہ کرنے کے بعد مختلف عدالتوں میں جاری مقدمات پر صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاروان میں واقع کروڑہا روپئے مالیت کی اس موقوفہ اراضی پر بورڈ کی جانب سے حصار بندی کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور بورڈ اس اراضی کی نگرانی کو یقینی بنارہا ہے۔