لکھنؤ:پریاگ راج میں موجود قدیم اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج میں محکمہ آیوش کے ذریعہ ہونے والے کاموں اور ضروریات کا جائزہ لینے کی غرض سے سول سوسائٹی کے ایک وفد نے پریاگ راج کا ایک روزہ دورہ کیا.وفد میں لکھنؤ کے سرگرم یونانی کارکن اور تنظیموں سے جڑے لوگ شامل تھے. جن میں ڈاکٹر آفتاب ہاشمی، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر یونانی سروسز، محمد خالد، سکریٹری جنرل، انسٹیٹیوٹ فار سوشل ہارمونی اینڈ اپلفٹمنٹ (اشو) ڈاکٹر اشفاق احمد، سینئر صحافی اور میڈیا انچارج، بی یو ایم ایس ڈاکٹرز ایسوسی ایشن شامل تھے.وفد میں شامل افراد نے یونانی میڈیکل کالج کے سبھی شعبہ جات، اسپتال، ہاسٹل، ایڈمنسٹریٹیو بلاک، لائبریری اور ہربل گارڈن کو قریب سے دیکھا اور سمجھا. محکمہ آیوش کے ذریعہ اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج میں پچھلے دنوں کئی بڑے کام کرائے گئے ہیں اور اس وقت مختلف قسم کے کئی اور کاموں کو پورا کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی.وفد نے دیکھا کہ کالج میں طالبات کے لئے بہترین ہاسٹل کی بلڈنگ تیار کرائی گئی ھے مگر اس میں ابھی تک فرنیچر وغیرہ موجود نہیں ھے جس کا فوری طور پر انتظام کیا جائے تاکہ طالبات کو ہاسٹل میں کمرے فراہم کئے جا سکیں اور وہ محفوظ ماحول میں اپنی تعلیم مکمل کر سکیں. اس کے علاوہ کالج میں شاندار آڈیٹوریم بن کر تیار ھے مگر وہ بھی ساؤنڈ سسٹم اور فرنیچر وغیرہ نہ ہونے کی وجہ سے استعمال کے لائق نہیں ھے. لڑکوں کے لئے ہاسٹل کی سخت ضرورت ھے اور ضرورت ھے کہ کالج کے پاس موجود بہت بڑی زمین کو اسٹاف کی رہائش گاہ اور پی جی ہاسٹل بنانے کے لئے استعمال کیا جائے.سول سوسائٹی کے وفد نے بہت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اتر پردیش کا محکمہ آیوش بہت اچھی طرح کام کر رھا ھے. اس وقت اتر پردیش میں دو یونانی میڈیکل کالج قائم ہیں اور اب تیسرا یونانی میڈیکل کالج بریلی میں تقریباً مکمل ہو گیا ھے. پریاگ راج کے یونانی میڈیکل کالج کے کیمپس اور ہربل گارڈن کا مجموعی طور پر جائزہ لے کر نئے سرے سے منصوبہ بندی کی ضرورت ھے تاکہ ایک خوبصورت یونانی میڈیکل کالج کا وجود عمل میں آئے.
وفد کے یونانی میڈیکل کالج پہنچنے پر کالج کے پرنسپل پروفیسر انوار احمد، پروفیسر حضرات اور سبھی شعبہ جات کے ہیڈ، ریڈر اور یو جی و پی جی کا طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی. سول سوسائٹی کے ذریعہ یونانی میڈیکل کالج کا دورہ کرنے سے وہاں کے سبھی اساتذہ، اسٹاف اور طلبہ کو بہت خوشی ہوئی اور ان لوگوں نے کہا کہ اس دورہ سے ہم سب کو ایک نیا حوصلہ ملا ھے.
دورہ کے موقع پر کالج کے علاوہ الہ آباد میں سرگرم یونانی کارکنان اور تنظیموں کے لوگ موجود تھے جن میں خاص طور پر ڈاکٹر عارض قادری، ڈاکٹر نظام صدیقی، ڈاکٹر محمد احمد، ڈاکٹر راشد ،ڈاکٹر خورشید عالم، ڈاکٹر احتشام، ڈاکٹر ذکی، ڈاکٹر مبین وغیرہ کے ساتھ کئی یونانی میڈیکل آفیسر، پرائیویٹ پریکٹشنر شامل تھے، سب نے ہی اس دورہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کالج سے متعلق تمام کاموں میں اپنا بھرپور تعاون دینے کا وعدہ کیا.