دیوبند(دانیال خان)ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندرا نے نگر پالیکا پریشد دیوبند کے نو منتخب چیئرمین وپن گرگ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا، اس کے ساتھ ہی تمام 25 وارڈوں کے منتخب ممبران نے بھی حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب دیوی کنڈ روڑ پر واقع ایک بینکٹ ہال میں منعقد ہوئی، پروگرام کا آغاز مہمان خصوصی اور اور پی ڈبلیو ڈی محکمہ کے وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ، بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہیندر سینی اورنگر پالیکا پریشد دیوبند کے چیئر مین وپن گرگ نے سرسوتی دیوی کی پوجا ارچناکے ساتھ کیا۔پروگرام کے دوران بی جے پی کارکنان نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ اور چیئرمین وپن گرگ کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا اورمذہبی نعرے لگائے۔ بعد ازیں ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر نے وپن گرگ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا، حلف لینے کے بعد وپن گرگ نے مقامی ایم ایل اے کنور برجیش سنگھ کا آشیرواد لیا۔اس دوران ضلع مجسٹریٹ نے تمام 25 وارڈوں کے منتخب ممبران کو عہدہ اور رازداری کا حلف بھی دلایا۔ حلف لینے کے بعدنگر پالیکا پریشد دیوبند کے چیئر مین وپن گرگ نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کے ساتھ نگر پالیکا پریشد دیوبند کے دفتر پہنچ کرچارج سنبھالا اور ضروری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے نگر پالیکا کے افسران و ملازمین کو ہدایات دیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر کے ترقیاتی کاموں میں کوئی بھی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔نگر پالیکا پریشد کے ایگزیکٹیو افسر(ای او) ڈاکٹر دھیریندر کمار رائے اور بجلی محکمہ کے انچارج وکاس چودھری نے حلف برداری کی تقریب کو کامیاب بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ اس دوران ایس ڈی ایم سنجیو کمار، بی جے پی یوا مورچہ کے علاقائی صدر سکھ ویندر پوم، ڈسٹرکٹ کوآپریٹو بینک کے چیئرمین چودھری راج پال سنگھ، منوج سنگھل، ڈاکٹر ڈی کے جین، ڈاکٹر بی پی سنگھ،سندیپ شرما ایڈوکیٹ اورچودھری اومپال سنگھ سمیت بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔ نو منتخب چیئر مین وپن گرگ کی تقریب حلف برداری کے دوران پنڈال مذہبی نعروں سے گونجتا رہا۔ دیوبند کی تاریخ میں حلف برداری تقریب میں پہلی مرتبہ ہون یگیہ کیا گیا اور شنکھ پھونکا گیا۔ نگر پالیکا پریشد دیوبند میں مسلم وارڈ ممبران کی اکثریت ہونے کے باوجودحلف برداری تقریب پوری طرح سے ہندوتوا (مذہب پرستی)کے رنگ میں رنگی ہوئی نظر آئی۔